پاکستان کے معاشی، قومی مفادات کونقصان پہنچانا پی ٹی آئی کا مشن ہے: مریم اورنگزیب

وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی، دفاعی اور قومی مفادات کو نقصان پہنچانا پی ٹی آئی کا مشن ہے۔وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ کوئی غدار، سازشی اور فارن ایجنٹ اپنے جھوٹ، فریب، دھوکے اور پراپیگنڈے سے ہر مرتبہ اور ہر کسی کو ہر وقت بے وقوف نہیں بنا سکتا، ملٹری ایڈ رکوانا پاکستان دشمن ایجنڈے کا 9 مئی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی ملٹری ایڈ رکوانے کی سازش 9 مئی سانحے کی کڑی ہے، اربوں روپے کی فارن فنڈنگ اسی مشن کے لئے کی گئی، اسی فارن فنڈنگ سے ملک کے اندر اور باہر میڈیا مہم چلائی گئی۔مریم اورنگزیب کاکہنا تھا کہ فارن فنڈنگ سے سوشل میڈیا نیٹ ورک بنایا گیا ، جس کے ذریعے پاکستان کے آئینی و دفاعی اداروں، ان کی قیادت کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، افواج پاکستان کی قیادت اور شہدا کے خلاف بیرون ملک غلیظ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دشمن ایجنڈے اور اس کے آلہ کاروں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، عوام سیاست اور ملک دشمنی میں فرق پہچان چکے ہیں، سائفر اور 9 مئی ایک ہی سازش کے دو مرحلے ہیں، سائفر کے نام پر امریکہ کے خلاف پراپیگنڈہ اور 9 مئی کے بعد امریکہ سے مدد کی بھیک، عوام سب جانتی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کی سخت شرائط اور پھر پی ٹی آئی کی طرف سے خلاف ورزی اسی ایجنڈے کا حصہ تھا تاکہ پاکستان کو اہم قومی مفادات پر جھکنے پر مجبور کیا جا سکے ، اس منظم سازشی ایجنڈے پر عمل درآمد کے لئے ایک کٹھ پتلی کو اقتدار میں مسلط کیاگیا۔وزیر اطلاعات کاکہنا تھا کہ سی پیک کو روکا، کشمیر کاسودا کیا، دہشت گردوں کو پناہ دی، اب ملٹری ایڈ رکوانے کے مشن پر ہے، اسی ایجنڈے کے تحت پاکستان کے قریبی، بااعتماد اور ہمیشہ کام آنے والے دوست ممالک کو ناراض کیا گیا، بیرونی میڈیا میں جاری نام نہاد انسانی حقوق کی مہم بھی دراصل اسی مذموم ایجنڈے کا تسلسل ہے، تاکہ پاکستان کی عالمی امداد رکوائی جائے۔

تبصرے بند ہیں.