وزیراعظم شہباز شریف نے جناح ہاؤس لاہور پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کو 72 گھنٹوں میں گرفتارکرنے کی ہدایت کردی۔لاہور میں سیف سٹی اتھارٹی کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائےگی، دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، قانون اپنے آہنی ہاتھوں سے ان لوگوں کو اپنی گرفت میں لےگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ اس طرح کا کوئی کام پاکستانی نہیں سوچ سکتا، یہ بد ترین حرکت کرنے والوں کو آئین اور قانون میں درج سزائیں دی جائیں گی، کورکمانڈر ہاؤس تاریخی جناح ہاؤس جل چکا ہے اور مکمل طور پر تباہ ہوگیا، ان واقعات پرپوری قوم غمگین ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اور ان کا جتھا پاکستان کےدشمنوں سے کم نہیں، جوکام شرپسند 75 برس میں نہ کرسکے وہ پی ٹی آئی کےشرپسندوں نےکیا، منصوبہ بندی کے تحت سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور شہیدوں اور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان شرپسندوں کے خلاف انسداد دہشت گردی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں، وزیرقانون انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی تعداد بڑھائیں، شرپسندوں کوسزائیں دینے کے لیے اگر راتوں کو انسداد دہشت گردی کورٹس چلانی پڑیں تو چلائی جائیں، پولیس اور انتظامیہ شرپسندوں کو فی الفور گرفتار کرے، خانہ پری قابل قبول نہیں، تمام شرپسندوں کو بلاتفریق گرفتار کیا جائے، اگلے 72 گھنٹوں میں تمام مجرموں اور حملہ آوروں کو گرفتار کیا جائے۔
تبصرے بند ہیں.