پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ نااہل ہو گی، سپریم کورٹ فیصلے پر عمل نہ کرا سکی تو بطور ادارہ اس کا وجود ختم ہو جائے گا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا زمان پارک کے آپریشن کو قانونی پہلو سے چیک کرنے کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات لگائی گئیں، کارکنوں پر اے ٹی سی کی دفعات سپریم کورٹ کے 7 رکنی بینچ کے فیصلہ کے منافی ہیں، آج لاہور ہائیکورٹ میں ہماری رٹ کو سماعت کے لیے منظور کر لیا گیا ہے، جے آئی ٹی کو غیر آئینی طریقے سے بنایا گیا، پیر سے ہماری درخواست پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو گی۔ان کا کہنا تھا ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے فنڈنگ کے معاملات کہاں گئے، مسلم لیگ ن نے ایک ارب روپے کے لگ بھگ میڈیا مہم پر خرچ کیا، وہ فنڈنگ کہاں سے آئی، بینظیر بھٹو نے الزام عائد کیا تھا کہ یہ فنڈنگ اسامہ بن لادن سے آئی تھی، ن لیگ کو انٹرنیشنل ٹیرر آرگنائزیشن سے حصہ ملا لیکن الیکشن کمیشن ن لیگ کی فنڈنگ معاملات کو چھپانا چاہ رہا ہے، الیکشن کمیشن کو ن لیگ،پیپلز پارٹی کی فنڈنگ کے معاملات سامنے رکھنے چاہئیں۔
تبصرے بند ہیں.