محسن نقوی کا بیان شہریوں کیلئے کھلی دھمکی ہے: پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ محسن نقوی کا بیان تمام شہریوں کے لیے کھلی دھمکی ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا ہے کہ محسن نقوی جواب دیں پولیس کس قانون کے تحت بغیر وارنٹ گھروں میں داخل اور ہراساں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ریاست کی رٹ نہیں ہے، یہ جنگل کا قانون ہے جسے یہ شخص اور اس کے حواری پی ٹی آئی کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ایک بیان میں فواد چودھری نے محسن نقوی کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی دو تین ہفتے رک جائیں، آپ نے جوتے بھی نہر میں چھوڑ کر بھاگنا ہے۔واضح رہے کہ نگران حکومتِ پنجاب نے رِٹ قائم کرنے کے لیے پولیس کو فری ہینڈ دے دیا ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو پولیس کو دھمکانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ میں پی ٹی آئی کی طرف سے پولیس پر مسلسل تشدد کے باوجود پولیس کو روکتا رہا، زمان پارک سے پولیس کو واپس آنے کے لیے کہا اور پولیس کو کوئی کارروائی کرنے نہیں دی۔

تبصرے بند ہیں.