سپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی ارکان کے اجتماعی استعفے منظور کرنے سے انکار

سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی ارکان کے اجتماعی استعفے منظور کرنے سے انکار کر دیا، ممبران کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق سابق سپیکر اسد قیصر کی قیادت میں پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ نے سپیکر قومی اسبملی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے حکمت عملی پر بات چیت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پی ٹی آئی پارلیمانی وفد میں سابق سپیکر اسد قیصر، سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، پی ٹی آئی چیف وہیب عامر ڈوگر، سابق وزیر مملکت ڈاکٹر شبیر قریشی، اراکین فہیم خان اور عطاء اللہ شامل تھے۔ملاقات کے دوران سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے، سیاست دانوں میں رابطے ہونے چاہیے، استعفوں کی تصدیق کے لئے آئین اور اسمبلی قواعد وضوابط کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا، استعفوں کے لئے تمام ممبران کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پہلے بھی پی ٹی آئی ممبران کو استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے مدعو کیا گیا تھا، پی ٹی آئی کے کراچی سے ایک رکن اسمبلی نے استعفیٰ کی منظوری روکنے کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔پی ٹی آئی پارلیمانی وفد نے کہا کہ کسی کی انٹرٹینمنٹ کیلئے استعفیٰ نہیں دیئے کہ ایک ایک کر کے بلایا جائے، اجتماعی استعفے دیئے تاکہ ملک میں عام انتخابات کی راہ ہموار کی جائے۔

تبصرے بند ہیں.