سینیٹ نے غیر ملکی سرمایہ کاری تحفظ و فروغ کا ترمیم شدہ بل منظور کرلیا اس دوران پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے بھر پور احتجاج کیاگیا ۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ ترمیمی بل 2022پیش کیا ، حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاری بل میں اتحادیوں کی ترامیم شامل کرلیں۔چیئرمین سینیٹ نے بل کی منظوری کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کی عوام کو بل منظوری پر مبارکباد پیش کرتاہوں، اس بل کی منظوری سے ترقی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بل کا تعلق میرے ضلع سے ہے، میں پرانی اور موجودہ حکومت کا مشکور ہوں ۔ وزیر خزانہ کے بل پیش کرنے کے دوران پی ٹی آئی ممبران نے چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیراؤ کرتے ہوئے شورشرابہ کیا جبکہ حزب اختلاف کے اراکین نے بل کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں، ایوان میں اراکین نے نشستوں پر کھڑے ہو کر نعرے بازی کی اس دوران ایوان میں اپوزیشن کے ” اعظم سواتی کو رہا کرو ” کے نعرے بھی گونجتے رہے ۔پیر کے روز سینیٹ اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ کا بل ضمنی ایجنڈے میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا تھا ۔خیال رہے کہ غیرملکی سرمایہ کاری بل کو رواں ہفتے میں دو دفعہ منظور کیاگیا ہے اور بل میں اتحادیوں کی ناراضگی کے بعد ترمیم لائی گئی تھی ۔علاوہ ازیں سینیٹ اجلاس قطر میں فیفاورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پرقرارداد بھی منظور کی گئی ، قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ امیر قطر اور قطر کی عوام کو کامیاب ایونٹ پر مبارکباد پیش کرتے ہیں،فیفاایونٹ میں بہترین انتظامات کئے گئے۔
تبصرے بند ہیں.