فرانس نے بھی فٹبال ریکارڈ بک کو الٹ پلٹ دیا، لگاتار دوسرے فائنل میں رسائی پانے والی دنیا کی چھٹی ٹیم بن گئی۔تفصیلات کے مطابق فرانس نے ورلڈکپ سیمی فائنل میں مراکش کو شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، اس طرح وہ لگاتار دوسرے فیصلہ کن معرکے میں پہنچنے والی دنیا کی چھٹی ٹیم بن گئی۔ اس اعزاز میں ٹیم نے اٹلی، برازیل، ویسٹ جرمنی، ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کو جوائن کرلیا۔سب سے پہلے اٹلی کو 1934 اور پھر 1938 میں لگاتار 2 فائنلز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا، برازیل 1958 اور 1962 کا فائنل کھیل کر دوسری ٹیم بنی تھی، نیدرلینڈز نے 1974 اور 1978 کے فائنلز میں جگہ بنائی تھی، ویسٹ جرمنی نے 1982، 1986 اور 1990 کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا، ارجنٹائن نے پہلے 1986 اور 1990 اس کے بعد 1994، 1998 اور 2002 میں فائنل کھیلا، اس کے بعد برازیل نے دوبارہ فہرست میں جگہ بنائی۔مجموعی طور پر ایسے 7 مواقعوں میں سے صرف 2 ٹیمیں ہی لگاتار دو مرتبہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہیں، ان میں اٹلی (1934 اور 1938) اور برازیل (1958 اور 1962) شامل ہیں۔نیدرلینڈز اور ویسٹ جرمنی لگاتار 2 فائنلز کھیلنے کے باوجود ٹائٹل سے محروم رہے، ویسٹ جرمنی نے 1990 میں لگاتار تیسرا فائنل کھیلنے کا اعزاز پانے کے بعد فتح بھی حاصل کی تھی، اس کے ساتھ وہ لگاتار 3 فائنلز کھیلنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بھی بنی۔اتوار کو فرانس گزشتہ 7 ورلڈکپ ایڈیشنز کا چوتھا فائنل کھیلے گا، پہلی بار ٹیم 1998 میں فیصلہ کن معرکے میں پہنچی جب برازیل کو شکست دے کر ٹائٹل بھی جیتا تھا، اس کے بعد فرنچ ٹیم نے 2006 کا بھی فائنل کھیلا مگر اسے پنالٹی شوٹ آؤٹس پر اٹلی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سال 2018 میں فرانس نے اپنی تاریخ کا تیسرا فائنل کھیلا اور کروشیا کو مات دے کر دوسری مرتبہ ٹائٹل جیتا۔ اب اگر فرانس ارجنٹائن کو مات دے تو وہ 60 برس کے دوران ٹائٹل کا دفاع کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم ہوگی۔
تبصرے بند ہیں.