بھارت میں ہونے والا اگلا ورلڈ کپ جیتیں گے: شعیب اختر پُرامید

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے بعد قومی ٹیم کا حوصلہ بندھاتے ہوئے کہا ہے کہ ہم انشااللہ بھارت میں ورلڈ کپ اٹھائیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز میلبرن میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ دل دکھا ضرور ہے ٹوٹا نہیں ہے، پاکستان ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ایونٹ کے آغاز میں آپ کہیں نظرنہیں آرہے تھے مگر پھر آپ فائنل تک پہنچ گئے، پورے ٹورنامنٹ میں پاکستانی باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کی اور پاکستان کو فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔راولپنڈی ایکسپریس کا کہنا تھا کہ ہماری قسمت تھی تاہم ہم اچھا کھیل کر فائنل میں پہنچے، شاہین شاہ کے ان فٹ ہونے سے میچ کا رخ ہی بدل گیا، کوئی بات نہیں، ہمیں سر نہیں گرانے ، جیسا بین سٹوکس نے 2016ء میں چھکے کھاکر اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ ہروادیا تھا آج اس نے اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ جتوادیا۔شعیب اختر نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بندھاتے ہوئے کہا کہ کسی چیز سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں، آپ نے بہت اچھا کھیلا، پوری قوم دکھی ضرور ہے مگر آپ کے ساتھ کھڑی ہے، ریلکس کریں انشااللہ بھارت میں ورلڈ کپ اٹھائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.