نیدرلینڈز: بھیڑیوں کی انسانی آبادی کے قریب آنے پر انتظامیہ چوکنی ہوگئی

بھیڑیوں کا انسانوں سے خوف نہ کھانا تشویش میں مبتلا کررہا ہے اور ساتھ ہی نقصانات کے خدشات کو بھی جنم دے رہا ہے: انتظامیہ

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بھیڑیوں کا انسانوں سے خوف نہ کھانا تشویش میں مبتلا کررہا ہے اور ساتھ ہی نقصانات کے خدشات کو بھی جنم دے رہا ہے۔

نیدرلینڈز کے ایک شہر سے ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں ایک بھیڑیے کو ہوج ویلو نیشنل پارک میں ایک خاندان کے پاس ٹہلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بھیڑیوں کے لیے پینٹ بالز استعمال کرنے پر غور  کیا جارہا ہے جس کا انتخاب اس لیے کیا گیا ہے تاکہ فورسز دیکھ سکیں کہ کون سے بھیڑیوں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے امید کا اظہار کیا ہے کہ پینٹ بالز گن کی مدد سے بھیڑیے انسانوں سے 30 میٹر دور رہیں گے تاہم اس پر عملدرآمد جلد کیا جائےگا۔

نیدرلینڈز حکومت کے ایک عہدیدار نے ڈچ نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ نے ایک بھیڑیے کو انسان کی تلاش کرتے ہوئے بھی دیکھا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پینٹ بالز گن کے استعمال کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ پارک میں کوئی بھی گن لے کر آئے اور بھیڑیوں کو نشانہ بنائے۔

واضح رہے کہ پینٹ بالز گن میں استعمال ہونے والی گولیاں ربڑ کی ہوتی ہیں اور ان میں رنگ بھرا ہوتا ہے، کسی بھی چیز پر لگنے سے گولی پھٹ جاتی ہے اور رنگ متاثرہ جگہ پر لگ جاتا ہے تاہم اس کے لگنے سے موت واقع نہیں ہوتی۔

تبصرے بند ہیں.