پمز میں ارشد شریف کا دوبارہ پوسٹ مارٹم، تحقیقاتی ٹیم کینیا بھیجنے کی تیاری

اسلام آباد- کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے صحافی ارشد شریف کی میت اسلام آباد پہنچائے جانے کے بعد اب پمز اسپتال میں دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ پمز کے ترجمان کے مطابق پوسٹ مارٹم اب 6 کے بجائے 8 رکنی ٹیم کررہی ہے، ارشد شریف کے اہلخانہ کی درخواست پرای این ٹی سرجن اوراوایم ایف ایس سرجن کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ادھرحکومت نے ارشدشریف قتل کی تحقیقات کے لیے قائم اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی ازسرنوتشکیل کردی ہے اور نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔کمیٹی میں ڈائریکٹرایف آئی اے اورڈپٹی ڈائریکٹرآئی بی شامل کیے ہیں۔کمیٹی معاملے کی تحقیقات کیلئےفوری طور پر کینیا جائے گی۔ کینیا میں پاکستانی ہائی کمیشن کمیٹی کی معاونت کرے گا۔ارشدشریف کی میت قطرایئر لائن کی پرواز کیو آر632 کے ذریعے منگل اور بدھ کی درمیانی شب اسلام آباد پہنچادی گئی۔ میت اہلخانہ نے وصول کی، ان کے علاوہ اسلام آباد ایئرپورٹ پرپی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری، کنول شوزب اور سماجی وصحافتی تنظیموں کے رہنما بھی موجود تھے۔تدفین سے قبل ارشد شریف کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کا فیصلہ پہلے ہی کر لیا گیا تھا طے پایا کہ پمز(پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز)کے ڈاکٹروں پرمشتمل 6 رکنی ٹیم پوسٹ مارٹم کرے گی ۔صحافی کی بیوہ جویریہ بھی اپنی ٹویٹ میں دوبارہ پوسٹ مارٹم کیے جانے کی تصدیق کرچکی ہیں۔بدھ کو میت جناح اسپتال سے پمز منتقل کی گئی۔ ڈائریکٹر پمزاسپتال ڈاکٹرہاشم رضا نے صحافیوں کو بتایا کہ اہلخانہ کی جانب سے ارشد شریف کےپوسٹ مارٹم کی درخواست آئی ہےاور میڈیکل بورڈ ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم کرے گا۔ایئرپورٹ پر بد نظمی اس سے قبل ارشد شریف کی بیوہ جویریہ نے میت پہنچنے کے موقع پربنائی جانے والی ویڈیو شیئرکرتے ہوئے کیپشن میں لکھا، ”میراارشدآگیا، قوم کا ہیروارشد شریف“۔اسلام آباد ایئرپورٹ پررش کے باعث بدنظمی بھی دیکھنے میں آئی، حکام نے ارشد شریف کے حامیوں کو ویڈیوز بنانے سے روک دیا۔ارشدشریف کی تدفین جمعرات کو ایچ الیون کے قبرستان میں کی جائے گی۔دوسری جانب، صحافی ارشدشریف کی رہائشگاہ پر رات گئے سے سیاسی، سماجی و صحافتی تنظیموں کے رہنماوں اور عام شہریوں کا رش رہا، صحافی برادری کا کہنا تھا کہ ارشدشریف نے مجبورا ملک چھوڑا، قتل کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔میت قطر ایئرویز کی پرواز کینیا سے لے کر روانہ ہوئی اور قواعد کے مطابق ٹرانزٹ میں 12 گھنٹے گزارنے کے بعد اسی پرواز نے اسلام آباد پہنچائی۔مرحوم صحافی کی اہلیہ جویریہ صدیقی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میرے شوہر ارشد تابوت میں گھر واپس آرہے ہیں۔ کینیائی حکام ہمارے سامنے جوابدہ ہیں۔

تبصرے بند ہیں.