’اب وقت ہے ملک چھوڑ کر کہیں اور جائیں‘

ہارون شاہد نے شاہ رخ جتوئی کی رہائی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا

ہارون شاہد نے شاہ رخ جتوئی کی رہائی پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ‘اب وقت آگیا ہے کہ اٹھیں اور ملک چھوڑ کر چلے جائیں، وہ لوگ جو جوان ہیں، تعلیم یافتہ ہیں، برائے مہربانی اپنے بچوں کی خاطر اس ملک سے کہیں اور چلے جائیں’۔

ہارون شاہد نے کہا کہ ویسے تو شاہ زیب کے والدین واقعے کے بعد بظاہر  بیرون ملک آباد ہوگئے لیکن آج مجھے ان تمام لوگوں کی زندگی کی فکر ہے جنہوں نے اس کیس میں گواہی دی۔

اداکار نے سوال کیا کہ کیا معزز جج صاحبان اور پولیس ان لوگوں کی حفاظت کی ضمانت دیتی ہے؟

انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ ہم سب جیل چلے جاتے ہیں، جیل خالی جو ہورہے ہیں۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ روز  سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی کو بری کردیا جب کہ کیس کے دیگر ملزمان کو بھی بری کیا گیا ہے۔

25 دسمبر 2012 کو درخشاں تھانے کی حدود میں 20 سالہ نوجوان شاہ زیب کو بہن کی شادی سے گھر واپسی پر کراچی میں ڈیفنس کے علاقے میں قتل کیاگیا تھا۔

شاہ زیب قتل کیس میں ٹرائل کورٹ نے شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج تالپور کو سزائے موت سنائی تھی جب کہ ملزم نواب سجاد اور غلام مرتضیٰ کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

سندھ ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو عمرقید سنائی تھی جب کہ ملزمان نے عمرقید کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی تھیں۔

تبصرے بند ہیں.