2018 میں فٹبال ورلڈ کپ کو 3.572 ارب ناظرین نے دیکھا تھا جبکہ فرانس اور کروشیا کے درمیان فائنل کو دیکھنے والوں کی تعداد 1.12 ارب تھی۔
2022 میں 32 ٹیمیں ایک بار پھر ورلڈکپ ٹرافی اپنے نام کرنے کے لیے جدوجہد کریں گی اور پہلی بار مشرق وسطیٰ میں اس ایونٹ کا انعقاد ہورہا ہے۔
قطر میں ہونے والے ورلڈکپ کا آغاز 20 نومبر کو میزبان ملک اور ایکواڈور کے درمیان مقابلے سے ہوگا۔
ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟
فیفا نے ورلڈکپ 2022 کے لیے 44 کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم مختص کی ہے۔
اس ایونٹ کے فاتح کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے جبکہ رنراپ ٹیم 3 کروڑ ڈالرز کی حقدار ہوگی۔
تیسری پوزیشن پر رہنے والی ٹیم کے حصے میں 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز آئیں گے جبکہ چوتھے نمبر کی ٹیم ڈھائی کروڑ ڈالرز جیت لے گی۔
5 سے 8 ویں پوزیشن پر رہنے والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔
9 سے 16 ویں نمبر پر رہنے والی ہر ٹیم کے حصے میں ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالرز آئیں گے۔
17 سے 32 ویں پوزیشن پر رہنے والی ہر ٹیم کو 90 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔
اسی طرح ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم کو تیاریوں کے لیے 15 لاکھ ڈالرز بھی دیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ 2018 میں ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم فرانس کو 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی تھی۔
اسٹیڈیم کتنے ہوں گے؟
قطر نے اس ایونٹ کے لیے 8 اسٹیڈیمز تعمیر کیے ہیں اور ہر اسٹیڈیم میں ائیرکنڈیشننگ سسٹم موجود ہے۔
ٹورنامنٹ کا دورانیہ کتنا ہوگا؟
20 نومبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 64 میچز کھیلے جائیں گے اور فاتح ٹیم کا فیصلہ 18 دسمبر کو ہوگا۔
خیال رہے کہ یہ 32 ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والا آخری ٹورنامنٹ بھی ہے، 2026 کے ورلڈکپ میں 48 ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
تبصرے بند ہیں.