دنیا کا سب سے زیادہ واک ایبل شہر کس ملک میں تعمیر کیا جائے گا؟

کویت میں اس شہر کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کا مقصد گاڑیوں کے استعمال میں کمی لانا ہے تاکہ ماحول دوست طرز زندگی کو فروغ دیا جاسکے۔

اس شہر کو فی الحال ایکس زیرو کا نام دیا گیا ہے جس میں ایک لاکھ افراد کی رہائش کا انتظام کیا جائے گا۔

شہر کے مرکزی علاقے میں تعلیم، تفریح اور طبی سہولیات کے متعدد مراکز موجود ہوں گے۔

اس شہر کا ڈیزائن متحدہ عرب امارات کی کمپنی یو آر بی نے تیار کیا ہے۔

اس کمپنی کے مطابق اس شہر میں ماحول دوست طرز زندگی کے ساتھ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔

کمپنی نے بتایا کہ ماحول دوست شہروں کی تعمیرموسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ضروری ہوگئی ہے۔

کمپنی کے مطابق ایکس زیرو میں ایسے تمام عوامل کو مدنظر رکھا گیا ہے جو سماجی، معاشی اور ماحولیاتی استحکام کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔

اس شہر کی تعمیر پر آنے والی لاگت کا تخمینہ 15 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے اور کمپنی نے بتایا کہ تعمیر کا آغاز 2024 میں شروع ہوسکتا ہے جبکہ اسے 2034 تک مکمل کیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق یہ دنیا کا سب سے واک ایبل شہر ہوگا جس کے لیے واکنگ نیٹ ورکس کو تعمیر کیا جائے گا۔

ہر نیٹ ورک کو ماحول دوست ٹرانسپورٹ جیسے سائیکلنگ سے منسلک کیا جائے گا تاکہ وہاں رہنے والے شہر کے حصے کا سفر آسانی سے کرسکیں۔

شہر میں سائیکلنگ اور رننگ ٹریکس کے لیے 22 میل کا رقبہ مختص کیا جائے گا۔

مجموعی طور پر یہ شہر 1600 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوگا جس کے لیے کویت کے جنوبی خطے میں زمین مختص کی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.