وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے سیلاب سے نقصان کا تخمینہ 30ارب ڈالر سے بھی بڑھ سکتا ہے، دورہ امریکا کا اولین مقصد سیلاب زدگان کیلئے مدد حاصل کرنا ہے، عمران خان نے خارجہ پالیسی اور معیشت کو نقصان پہنچایا، غلطی عمران خان کرے اور سزاسد مجید کو ملے یہ تو ناانصافی ہوگی۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے امریکا میں پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیراعظم کو نشانے پر رکھ لیا، بلاول بھٹو نے عمران خان پر کھل کر تنقید کی۔بلاول بھٹو نے کہا عمران خان نے خارجہ تعلقات اور معیشت کو نقصان پہنچایا، غلطی عمران خان کرے اور سزا اسد مجید کو ملے یہ تو ناانصافی ہوگی، پاکستان کے امریکہ سے تعلقات میں بہتری آئی ہے، چھ ماہ پہلے اور آج کے پاکستان میں بہت فرق ہے، اسد مجید اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں، غیرقانونی کام عمران خان نے کیا۔وزیرخارجہ نے کہا دورہ امریکا کا اولین مقصد سیلاب زدگان کے لیے مدد حاصل کرنا تھا، وزیراعظم کی وہاں اہم ملاقاتیں ہوئیں، کورونا اور یوکرین جنگ کے باعث دنیا کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا ہے کہ حال ہی میں آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوا اور سیلاب آگیا، سیلاب سے نقصان کا تخمینہ30ارب ڈالر سے بڑھ سکتا ہے، سیلاب سے بڑی تباہی آئی، حکومت اور اپوزیشن کو ملکر کام کرنا ہوگا، ریلیف کے مراحل ابھی باقی ہیں، متاثرین کیلئے جتنا بھی کرلیں ناکافی ہے، سیکرٹری جنرل، یو این نے سیلاب کو ایجنڈے پر سرفہرست رکھا، ابھی تک جتنی بھی مدد ملی اس پر دنیا کے شکرگزار ہیں۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا پاکستان اور بھارت کو موسمیاتی تبدیلی پر ملکر کام کرنا ہوگا، ان مسائل پر اتفاق نہ ہوا تو دنیا کو نقصان ہوگا، موسمیاتی تبدیلی کا شکار 10 بڑے ممالک کو آواز بلند کرنا ہوگی۔
تبصرے بند ہیں.