Latest National, International, Sports & Business News

عتیقہ اوڈھو اور منیب بٹ مریم اورنگزیب کی حمایت میں سامنے آگئے

عتیقہ اوڈھو نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر  مریم اورنگزیب کی ویڈیو جاری کی اور ساتھ ہی لکھا  کہ  آپ بھلے کسی کی سیاست سے متفق نہ ہوں لیکن اس نوعیت کی ہراسانی سب کے لیے ناقابل قبول ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ایسا رویہ دنیا بھر میں پاکستان کا تاثر خراب کرتا ہے، وہ مسائل کے حل کے بجائے خود مسئلے کا حصہ بن رہے ہیں،  میں اپنے مداحوں اور دوستوں سے گزارش کرتی ہوں کہ ایسا بچگانہ رویہ اختیار کرنے سے آپ کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، آپ اپنے باوقار انداز (ووٹنگ) سے اپنے جذبات کا اظہار کریں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی ہمیشہ حمایت کرنے والے اداکار منیب بٹ نے بھی اس واقعے کی مذمت کی ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں اداکار  نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ‘یہ سراسر غلط حرکت ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ کلچر پاکستانی سیاست کو کہیں نہیں لے کر جائے گا ‘۔

خیال رہےکہ ایک روز قبل مریم اورنگزیب کو لندن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان نے ایک کیفے میں گھیر لیا تھا، مرد و خواتین کی جانب سے ان پر  پاکستان کے عوام کا پیسا لندن میں لٹانے کا الزام لگایا گیا، ساتھ ہی ان کے لیے نامناسب زبان کا بھی استعمال کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.