پنجاب کے شہر چنیوٹ سے تعلق رکھنے والی وحیدہ اختر کو کرکٹ کھیلنے کے لیے پہلے فیصل آباد جانا پڑا اور پھر وہ پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے کا خواب پورا کرنے کے لیے لاہور منتقل ہو گئیں۔
وحیدہ اختر اس وقت ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے ساتھ ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں لیکن انہیں امید ہے کہ وہ ایک دن پاکستان ٹیم کی جانب سے تسلسل کے ساتھ کھیلنے میں ضرور کامیاب ہوں گی۔
وحیدہ اختر بتاتی ہیں کہ چنیوٹ میں اسکول میں ٹیپ بال سے کرکٹ کھیلتی تھی اور پھر مجھے فیصل آباد کی جانب سے کھیلنے کا موقع ملا، اس دوران میں نے پہلی بار ہارڈ بال سے کھیلا، کوچز نے مجھے کھیلتا ہوا دیکھا تو انہوں نے مشورہ دیا کہ میں لاہور منتقل ہو جاؤں اور پھر میں پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے کا خواب آنکھوں میں سجائے لاہور منتقل ہو گئی۔
وحیدہ اختر نے جیو نیوز کو بتایا کہ وہ کیمپ میں بہت محنت کر رہی ہیں اور ان کا ٹارگٹ قومی ٹیم میں جگہ بنانا ہے۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ میں چاہتی ہوں شاہین آفریدی کی طرح اننگز کے آغاز میں وکٹیں لوں کیونکہ شاہین آفریدی کی بولنگ کا پاکستان ٹیم کو بہت فائدہ ہوتا ہے، شاہین آفریدی کی طرح میں بھی پاکستان ویمن ٹیم کے لیے تسلسل کے ساتھ کھیلنا چاہتی ہوں۔
انہوں نے کہاکہ مجھے آج بھی یاد ہے جب شعیب اختر نے مجھے بولنگ کرتے ہو ئے دیکھا تو انہوں نے بہت تعریف کی، جب کوئی بڑا بولر آپ کی تعریف کرتا ہے اور یہ بولر وہ ہو جس کو دیکھ کر آپ نے بولنگ شروع کی ہو تو پھر آپ بہت متحرک ہوتے ہیں، شعیب اختر کے تبصرے سے میری بڑی حوصلہ افزائی بھی ہو ئی۔
تبصرے بند ہیں.