امریکی صدر کا استقبالیہ، وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات

شہباز شریف اور جو بائیڈن کی ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی

شہباز شریف اور جو بائیڈن کی ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ کے موقع پر ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں امریکی صدر نے پاکستان میں سیلاب سے سینکڑوں اموات پر افسوس کا اظہار کیا اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے مشکل انسانی صورتحال میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے افسوس اور ہمدردی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سربراہ یوایس ایڈ کے دورہ پاکستان اور امداد بھجوانے پر امریکی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی میڈیا کے ساتھ انٹرویو میں ایک اہم نقطہ اٹھایا ہے کہ سیلاب سے پاکستان میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ موسماتی تباہی کی وجہ ہم نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود سیلاب سے پاکستان میں3کروڑ سے زائد افراد متاثرہوئے اور ہماری معیشت کو بھی 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا، امیر ممالک قرضوں میں ریلیف دینے پر غور کریں تاکہ ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس سے خطاب کریں گے جس میں بھی وہ پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب اور مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.