بھارتی فلم ساز ٹینو ورما نے بالی وڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کو فلم کے سیٹ پر زوردار تھپڑ مارنےکا انکشاف کیا ہے۔سیف علی خان کو 90 کی دہائی میں فلم انڈسٹری کے ’چھوٹے نواب‘ کے نام سے جانا جاتا تھا کیونکہ وہ اس وقت فلم انڈسٹری میں اپنا نام بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔1999 میں سیف علی خان اداکار اجے دیوگن اور منیشا کوئرالا کے ہمراہ فلم ‘کچے دھاگے’ کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ فلم کے ایکشن ڈائریکٹر ٹینو ورما نے انہیں تھپڑ رسید کیا جس کا انکشاف ٹینو نے بالی وڈ اداکار مکیش کھنا سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا ‘اس وقت فلم میں ایک ٹرین کا سین تھا جس میں بار بار لوگ ایک جگہ سے دوسری جگہ جارہے تھے، وہ کافی بڑا سیٹ اپ تھا جس کے لیے 7 کیمرے لگائے گئے تھے’۔ٹینو کے مطابق ‘سین میں ایک چلتی ٹرین تھی جہاں سے اداکار چھلانگ لگانے جا رہے تھے اور اس وقت لوگوں کے کافی بڑے ہجوم کو سنبھالنا پڑرہا تھا، اس شاٹ میں اجے اور سیف ایک ساتھ تھے اور جیسے ہی میں نے ’ایکشن‘ کا نعرہ لگایا، سیف نے ناچنا شروع کردیا’۔انہوں نے بتایا ‘میں نے بار بار سیف کو منع کیا لیکن جب وہ باز نہ آئے تو میں نے سین روکا اور سیف کو اپنے پاس بلایا اور اس سے تعاون نہ کرنے کی وجہ پوچھی جس پر اداکار نے کہا کہ میں ٹرین کی آواز سن کر خود کو ناچنے سے روک نہیں سکا’۔ٹینو ورما نے کہا ‘سیف کی یہ وجہ سن کر مجھے غصہ آگیا اور میں نے اسے زوردار تھپڑ رسید کیا جس سے وہ دور جاکر گر پڑا، میں نے اسے کہا جب تم ٹیکنیشن کی عزت کرنا سیکھ جاؤگے اس وقت میں فلم کی عکسبندی دوبارہ شروع کروں گا’۔دوران گفتگو ٹینو کا کہنا تھا کہ ‘اس رات سیف کی پہلی اہلیہ امریتا سنگھ اسے میرے کمرے میں لائیں جس کے بعد اداکار نے مجھ سے معافی مانگی، اس موقع پر میں نے اسے کہا زندگی میں اگر آگے بڑھنا ہے تو تمہیں ٹیکنیشن کی عزت کرنا ہوگی جو اداکاروں کو لوگوں کے سامنے پیش کرتے ہیں’۔ٹینو ورما نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے فلم کے سیٹ پر سیف کو اس لیے تھپڑ مارا کیونکہ انہیں لگتا تھا کہ اداکار غیر پیشہ ورانہ سلوک کر رہے ہیں۔ٹینو نے کہا ‘میں نے سیف کو سمجھایا تم نواب کے بیٹے ہو، تمہارے پاس بہت کچھ ہے، چھوڑ دو فلم، کسی کی بے عزتی نہیں کرو، اتنی بڑی فلم کے سیٹ پر میں نے تمہیں تھپڑ مارا، تمہیں اچھا لگا’؟
تبصرے بند ہیں.