اسلام آباد:تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے پاکستان پر مسلط کئے گئے امپورٹڈ مصنوعی نظام کو بغیر وقت ضائع کئے ختم کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے ویڈیو پیغام اور سوشل میڈیا پر ٹویٹ میں کہا کہ آج کل نظریں سیاست پر لگی ہوئی ہیں مگر معیشت کی بگڑتی صورتحال نہایت تشویشناک ہے، حالات پہلے ہی خراب ہوگئے تھے اب دن بدن بگڑتے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پچھلے دو ہفتوں کے دوران زرِمبادلہ کے ذخائر میں 1.2 ارب ڈالرز کی کمی آئی ہے،آج سے تقریباً ایک ماہ پہلے چین سے 2.3 ارب ڈالرز کا قرض لیا گیا، چین سے لئے جانے والے 2.3 ارب ڈالرز کے قرض میں سے 2 ارب ڈالرز استعمال ہوچکے ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ نتیجہ یہ ہورہا ہے کہ روپے کی قدر میں اتنی تیزی سے کمی آرہی ہے جسکی تاریخ میں مثال نہیں، جس دن سے عدم اعتماد کی تحریک آئی ہے ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 62 روپے تک گر چکا ہے، اس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آچکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پچھلے دو ہفتوں میں روپے کی قدر میں کمی کے باعث آئندہ پٹرول، بجلی اور ڈیزل کی قیمتوں میں اور اضافے کا سامنا ہوگا، صورتحال اتنی خطرناک ہو چکی ہے کہ ضروری ادویات بنانے کیلئے خام مال کی ایل سی اس وقت نہیں کھل رہی، عالمی منڈیوں کی صورتحال یہ ہے کہ موڈیز، فِچ اور ایس این پی سب نے پاکستان کی درجہ بندی گرا دی ہے۔
تبصرے بند ہیں.