امداد فوج کی وجہ سے ملی‘ حکومت کو تو کوئی ایک ڈالر دینے کو تیار نہیں ؛ شیخ رشید

یہ امپورٹڈ حکومت جلد جائے گی ، جتنی دیر لوگ انہیں سہارا دیں گے ، بالآخر یہ دھڑم سے گریں گے ۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد – عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو کوئی ایک ڈالر دینے کو تیار نہیں ہے، چین سے امداد پاک فوج کی وجہ سے ملی ہے، یہ امپورٹڈ حکومت جلد جائے گی، جتنی دیر لوگ انہیں سہارا دیں گے، بالآخر یہ دھڑم سے گریں گے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے میرے خلاف 25 تھانوں میں درخواست دی ہے، 2 میں ضمانت ہو گئی ہے، یہ لوگ چین سے امداد ملنے کا شور مچا رہے ہیں، حکومت کو تو کوئی ایک ڈالر دینے کو تیار نہیں ہے، امداد پاک فوج کی وجہ سے ملی ہے ورنہ ان کو تو کوئی گھاس ڈالنے کو تیار نہیں ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ لاہور اور فیصل آباد کے ضمنی انتخابات میں عوام کو فیصلہ کرنا ہے اور عوام کی اکثریت حکومت سے جان چھڑانا چاہتی ہے، حکومت کو بے ساکھیوں کا سہارا ہے جو جلد گرنے والی ہیں، بے ساکھیوں کے گرتے ہی حکومت دھڑام سے گر جائے گی۔
گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت مہنگائی کرنے کے باوجود آئی ایم ایف خوش نہیں کرسکی، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ملکی معیشت کو تباہ کرنے آئے تھے، مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی اور عوامی تحریک کے احتجاج کی حمایت کرتا ہوں کیوں کہ شہباز حکومت میں لوگ لوڈشیڈنگ اور مہنگائی سے مر رہے ہیں جب کہ عمران خان کے دورِ حکومت میں غیر ملکی ترسیلات زر اور زرمبادلہ کے انبار لگے تھے لیکن موجودہ حکومت نے سب تباہ کردیا لیکن شہباز شریف کی امپورٹڈ حکومت ملک میں مہنگائی کا سیلاب لانے کے باوجود آئی ایم ایف کو خوش نہیں کرسکی۔

تبصرے بند ہیں.