‘ہم ترکی میں معاہدے کر رہے ہیں ،عمران نیازی ملک کو دھمکیاں دے رہے ہیں’ وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم ترکی میں معاہدے کر رہے ہیں اور عمران نیازی ملک کو کھلی دھمکیاں دے رہے ہیں، وہ سیاست کریں تقسیم کی باتیں نہ کریں۔وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ اگر اس بات کا کوئی ثبوت درکار ہے کہ عمران خان عوامی عہدہ رکھنے کے قابل نہیں تو ان کا حالیہ انٹرویو کافی ہے۔ وہ اپنی سیاست کریں ، تقسیم کی باتیں کریں نہ حد سے تجاوز کریں۔دیگر جماعتوں نے بھی عمران خان کے حالیہ بیان کی مذمت کی ہے، سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ کوئی بھی پاکستانی ملک کے ٹکڑے کرنے کی بات نہیں کرسکتا، ن لیگی رہنما طلال چودھری کہتے ہیں عمران خان اتنا بوکھلا گئے ہیں کہ ملک توڑنے کی بات کر رہے ہیں۔ ایم کیوایم نے عمران خان کے بیان کو کھلم کھلا ملک دشمنی قرار دیدیا۔واضح رہے کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اگر اسٹیبلشمنٹ اس وقت صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو لکھ کر دیتا ہوں ملک تباہ ہوگا اور فوج سب سے پہلے تباہ ہوگی اور ملک کے تین ٹکڑے ہوں گے۔

تبصرے بند ہیں.