پی ٹی آئی کا لانگ مارچ، شیخ رشید کو گرفتار یا نظر بند کئے جانے کا امکان

اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو لانگ مارچ کے سبب گرفتار یا نظر بند کئے جانے کا امکان ہے، فیصلہ آج وزارت داخلہ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔دوسری جانب ملک کے اکثر شہروں میں تحریک انصاف کے خلاف پولیس کا کریک ڈاون جاری ہے، کراچی، اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، گجرات سمیت شہروں میں پولیس نے تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ رائیونڈ، اوکاڑہ، پیرمحل، چنیوٹ، وہاڑی میں بھی چھاپوں کے دوران درجنوں کارکن اورپی ٹی آئی رہنما گرفتار کر لئے گئے۔لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف پولیس کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران کانسٹیبل شہید ہو گیا۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے باپ بیٹے کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ساجد نامی پی ٹی آئی کارکن کے گھر کی چھت سے فائرنگ کی گئی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ماڈل ٹاؤن میں پولیس کے مطابق چھاپہ مار کارروائی کے دوران گھر کی چھت سے فائرنگ کی گئی۔ گولی کانسٹیبل کمال احمد کے سینے میں لگی جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔لاہور کے راوی پل کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ، پل پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ پرانا راوی پل ہیوی ٹریفک کے لیے پہلے ہی بند ہے جبکہ موٹروے پر بھی لاہور سے اسلام آباد جانے والے راستوں کو بند کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے بند ہیں.