منحرف ارکان کی رکنیت معطل کرنے کی تحریک انصاف کی استدعا مسترد

اسلام آباد:  الیکشن کمیشن نے پنجاب کے منحرف اراکین صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کے لیے تحریک انصاف کی استدعا مسترد کر دی۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ اونچا بول کر تاریخ نہیں لی جاسکتی۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کیخلاف ریفرنس پر سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ منحرف اراکین نے ثابت کرنا ہے کہ انہوں نے ووٹ نہیں دیا۔ ملیکہ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں قانونی و آئینی بحران چل رہا ہے، الیکشن کمیشن ووٹ ڈالنے والے 25 اراکین صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ سنائے۔ الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کی رکنیت معطل کرنے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 13 مئی کو دلائل دینے کا حکم دے دیا۔پی ٹی آئی کے منحرف اراکین قومی اسمبلی کیخلاف ریفرنس پر سماعت کے دوران نورعالم خان کے وکیل نے استدعا کی کہ پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ کیا جائے، ریفرنس میں کہا گیا کہ منحرف ارکان نے اپوزیشن جماعتوں میں شمولیت اختیار کرلی لیکن کسی جماعت کا نام نہیں بتایا گیا، یہ ریفرنسز بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ منحرف ارکان کو شوکاز دیکر جوابدہی کا موقع دیا گیا، جس پر منحرف اراکین کے وکیل نے اعتراض اٹھایا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہمارے پاس وقت محدود ہے، پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ دینگے۔ کیس کی آئندہ سماعت کل ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.