شانگلہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب تک خادم پاکستان رہا عوام سے جھوٹے وعدے نہیں کروں گا۔ کب تک کشکول لے کر بھیک مانگیں گے، ہمیں محنت کرکے اپنے پاؤں پرکھڑا ہونا ہوگا۔ اگر اکیلا پنجاب ترقی کرتا ہے تو یہ پاکستان کی ترقی نہیں ہے۔شانگلہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سیاسی پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فیصلہ کیا تھا پہلے شانگلہ جاؤں گا، خیبرپختونخوا کے غیورلوگوں کوسلام پیش کرتا ہوں، صوبے کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، خیبرپختونخوا میں میرے قائد نوازشریف کے شیر رہتے ہیں، یہاں کے لوگوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ خادم پاکستان کا عہدہ سنبھالے تین ہفتے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں پچھلے8سال پی ٹی آئی کی حکومت ہے، انہوں نے کتنے ہسپتال بنائے اور کتنے ہسپتالوں میں مفت ادویات دیں، خیبرپختونخوا کوایک عظیم صوبہ بنا کردم لیں گے۔ جب تک اللہ نے خادم پاکستان بنا کر رکھا جھوٹے وعدے نہیں کروں گا، غلطی ہو گی تو آپ کو گواہ بنا کر معافی مانگیں گے، جب تک جان ہے دن رات کام کروں گا۔ پنجاب کے ہراسپتال میں غریبوں کا مفت علاج ہوتا تھا، پنجاب میں دوبارہ ہسپتالوں میں مفت علاج شروع کرا دیا ہے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غریب علاج کے لیے سسک سسک کر جان دے دیتا ہے، اگر اللہ نے موقع دیا تو پورے خیبرپختونخوا میں مفت علاج کی سہولت ہوگی، 4 سالوں میں مہنگائی عروج پر چلی گئی، سابق حکومت نے تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے، پی ٹی آئی حکومت نے 24ہزارارب قرض لیا کوئی نئی اینٹ نہیں لگی، پشاوربی آرٹی چلتی اورجلتی رہی۔شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے 11،11 ماہ میں میٹروبسیں چلائیں، جان لڑادوں گا خیبرپختونخوا کے مسائل حل کر کے دکھاؤں گا، آٹا، چینی غریب گھرانوں کے دسترس سے باہر ہو چکا تھا، رمضان بازار، یوٹیلیٹی سٹورز میں آٹا، چینی کو سستا کرایا، پشاور بی آرٹی میں اربوں کی کرپشن ہوئی۔ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ بھی پنجاب کی طرح سستا آٹا دینے کا اعلان کریں، اگر خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ سستا آٹا نہیں دے گا تو ہم دیں گے، پچھلے 4 سالوں میں قرضے لیکر ملک کا بھٹا بیٹھ چکا ہے، کچھ بھی ہوجائے خیبرپختونخوا کی عوام کوسستا آٹا مہیا کریں گے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بشام میں 10 کلو آٹے کی بوری کتنے کی ملتی ہے؟ یہاں پر 10 کلوآٹے کا تھیلا 720 روپے میں بک رہا ہے، سن لو جو قیمت پنجاب وہی خیبرپختونخوا میں ہو گی، امیرمقام بڑا تگڑا، محنتی آدمی ہے، وزیراعلیٰ صاحب سے درخواست کروں گا پنجاب کی قیمت پرآٹا دیں اگرنہیں دیں گے توپھراپنے کپڑے بیچ کرمہیا کروں گا۔ ہم پورے پاکستان کی یکساں ترقی چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا تمام ہسپتالوں میں غریبوں کے لیے علاج فری کردیں، اگروہ فری علاج نہیں کریں گے توہم سہولت دیں گے۔ شانگلہ دوبارہ جلد آؤں گا۔ یہاں پر میڈیکل کالج بنائیں گے۔دن رات کام کریں گے،عوام سوئے گی میں جاگوں گا، پورن میں گرڈ اسٹیشن کو تین ماہ میں بنانے کی پوری کوشش کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ میں شہبازشریف ہوں خطا کارانسان ہوں، شانگلہ کی عوام سے غلط بیانی نہیں کرونگا، چارسال سابق وزیراعظم نے جھوٹ بولا اور قوم کو دھوکہ دیا، اس کی کارکردگی کچھ نہیں کیا قوم کو مہنگائی بارے بتائے گا؟انہوں نے کہا کہ غداری، وفاداری کے سرٹفیکیٹ بانٹے جارہے ہیں، 4 سال میں انتہائی کرپشن اور نالائقی کی وجہ سے بدترین لوڈشیڈنگ تھی، نواز شریف نے شاندار بجلی کے منصوبے لگائے، تیل، گیس وقت پر نہ منگوانے پر معیشت کا بٹھا بیٹھ گیا، جان لڑادیں گے پاکستان کوقائداعظم کا پاکستان بنائیں گے۔ کب تک کشکول لے کر بھیک مانگیں گے، اللہ نے پاکستان کو بے شماروسائل سے نوازا ہے، پاکستان کے غریب بچے آج بھی سکول نہیں جاسکتے، غریبوں کے والدین دوائی نہ ملنے پر مر جاتے ہیں، ہمیں محنت کرکے اپنے پاؤں پرکھڑا ہونا ہوگا، رونے،دھونے سے کچھ نہیں ہوگا، سو کر، چھو منترسے نہیں محنت کرنا ہو گی، تب ہمارا بھکاری پن ختم ہوگا۔ اس وقت خزانہ خالی اورقرضے ہی قرضے ہیں، سعودی عرب کا دورہ کر کے آیا ہوں، سعودی شہزادے، یواے ای نے کہا پاکستان کی ہرممکن مدد کریں گے، سعودی عرب، یواے ای پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، سعودی عرب نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
تبصرے بند ہیں.