یکم اکتوبر سے پٹرول مزید 5 روپے مہنگا ہونے کا امکان

اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو بھیج دی

اسلام آباد   یکم اکتوبر سے پٹرول مزید 5 روپے مہنگا ہونے کا امکان، اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو بھیج دی۔ تفصیلات کے مطابق اوگرام نے 15 دن کے وقفے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کروانے کیلئے سمری تیار کر لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا کی جانب سے تیار کردہ سمری میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت 5 روپے 25 پیسے جبکہ ڈیزلکی فی لیٹر قیمت ساڑھے 3 روپے بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔اوگرا کی تیار کردہ سمری وزارت خزانہ کو ارسال کی گئی ہے، قیمتوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کل بروز جمعرات کو کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں رد و بدل کر کے قیمتوں میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے رواں ماہ 15 تاریخ کو بھی تمام ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا۔ 15 ستمبر کو وزارت خزانہ کی جانب سے اوگرا کی سمری میں دی گئی تجویز کے برعکس پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں اضافہ کیا گیا۔اوگرا کی جانب سے فی لیٹر پٹرول کی قیمت میں 1 روپے اضافے کی تجویز دی گئی تھی تاہم وزارت خزانہ نے 5 روپے کا اضافہ کر دیا۔ وزارت خزانہ نے پٹرولپر عائد لیوی میں اضافہ کر کے کل قیمت میں اضافہ کیا۔ 15 ستمبر تک وزارت خزانہ فی لیٹر پٹرول پر 1 روپے سے زائد لیوی وصول کر رہی تھی جسے 16 ستمبر سے بڑھا دیا گیا، اسی باعث پٹرول کی قیمت میں 1 روپے کی بجائے 5 روپے کا اضافہ کیا گیا۔اس کے علاوہ وزرات خزانہ نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 42 پیسے اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 92 پیسے اضافے کی منظوری دی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے 1 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ یوں پٹرول کی نئی قیمت 123 روپے 30 پیسے ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 120روپے 4 پیسے، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 90 روپے 69 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 92 روپے 26 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی۔

 

 

تبصرے بند ہیں.