امریکی سینیٹ میں بل سے پاکستان کیلئے مزید امتحانات آسکتے ہیں، وزیرداخلہ

کچھ بھی ہو جائے ہم نہیں جھکیں گے، بڑے بڑے امتحان آئے ہم نے ان کا مقابلہ کیا، افغانستان میں عسکری مدد کا الزام بکواس ہے، بھارت پاکستان پر الزام لگا رہا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کی گفتگو

اسلام آباد  وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ امریکی سینیٹ میں بل سے پاکستان کیلئے مزید امتحانات آسکتے ہیں، کچھ بھی ہو جائے ہم نہیں جھکیں گے، بڑے بڑے امتحان آئے ہم نے ان کا مقابلہ کیا، افغانستان میں عسکری مدد کا الزام بکواس ہے، بھارت پاکستان پر الزام لگا رہا ہے۔ چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تعلیمی اداروں کا جال بچھایا، سلیمان شہباز کو کلین چٹ مل گئی ہے تو تایا کو لے کرپاکستان آئیں، شہبازشریف کے نصیب میں دھکے ہیں، پہلے کہتا تھا ’ن‘ سے ’ش‘ اب ’میم‘ بھی نکلے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ مانتے ہیں کہ مہنگائی ہے، دال، چینی، گھی، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، وزیراعظم نے ایم این ایز کو ہدایت کی ہے کہ حلقوں میں جائیں۔شیخ رشید نے کہا کہ اتنی بڑی نیوزی لینڈ کی فوج نہیں ہے جتنی ہم نے انہیں سیکیورٹی دی، پاکستان میں اگر کرکٹ نہیں ہوگی تو کوئی مر نہیں جائےگا۔ شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن میں 22 مہینے رہ گئے ہیں، عمران خان ملک میں شفاف الیکشن کرانا چاہتے ہیں، انتخابات میں دھاندلی ختم کرنے کیلئے ووٹنگ مشین کا استعمال چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پر بڑے بڑے امتحان آئے ہیں لیکن ہم نے ان کا مقابلہ کیا، امریکی سینیٹ میں بل پیش گیا تو پاکستان کیلئے مزید امتحانات آسکتے ہیں، کچھ بھی ہو جائے ہم نہیں جھکیں گے، افغانستان میں دنیا اور بھارت کی انٹیلی جنس کو شکست ہوئی، ہم طالبان کی عسکری مدد نہیں کررہے، یہ بکواس الزام ہے، بھارت پاکستان پر الزام لگا رہا ہے، دنیا کو افغانستان کا ساتھ دینا چاہیے اور منجمد اکاؤنٹس بحال ہونے چاہئیں، چمن اور طور خم بارڈر پر زبردست اقدامات کیے ہیں، افغانستان جانے والوں کی تعداد آنے والوں سے زیادہ ہے۔

 

 

تبصرے بند ہیں.