لاہور (نیوز ڈیسک) دنیا کی امیر ترین ٹی وی اسٹارز میں شمار ہونے والی امریکی ریئلٹی اسٹار کم کارڈیشین کے خلاف حکام نے چوری شدہ نایاب رومی مجسمہ خریدنے کے الزام میں قانونی کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے ریاست کیلی فورنیا کی عدالت میں جمع کرائے گئے دستاویزات میں کم کارڈیشین پر یورپی ملک اٹلی سے چوری ہونے والے نایاب مجسمے کو خریدنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
عدالت میں جمع کرائے گئے دستاویزات میں کہا گیا کہ امریکی کسٹم حکام کی جانب سے 2016 میں لاس اینجلس کے ساحل پر پکڑے گئے چوری شدہ نایاب مجسموں میں وہ مجسمہ بھی شامل تھا، جسے کم کارڈیشین نے خریدا تھا۔
دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا کہ کم کارڈیشین نے پہلی اور دوسری قبل مسیح صدی کے بنے ہوئے نایاب مجسمے کو اپنے ایک آرٹ ملازم کے ذریعے خریدا تھا مگر ریئلٹی اسٹار کو مجسمے کی منتقلی کے دوران ہی اسے تحویل میں لے لیا گیا۔
عدالتی دستاویزات میں استدعا کی گئی ہے کہ کم کارڈیشین کو حکم دیا جائے کہ وہ چوری شدہ نایاب مجسمے کو خریدنے پر معافی مانگے۔
تاہم دوسری جانب سے کم کارڈیشین کے ترجمان نے چوری شدہ نایاب مجسمے کو خریدنے کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکارہ نے کبھی کوئی ایسا چوری شدہ مجسمہ نہیں خریدا۔
کم کارڈیشین کے ترجمان کے مطابق عین ممکن ہے کہ کسی دوسرے شخص نے نایاب چوری شدہ مجسمہ خریدنے کے لیے اداکارہ کا نام استعمال کیا ہو تاہم حقیقت یہ ہے کہ ریئلٹی اسٹار نے نہ مجسمہ خریدا اور نہ ہی اسے کبھی وہ ملا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جس نایاب مجسمے کی خریداری کا الزام کم کارڈیشین پر لگایا گیا، اسے پہلی اور دوسری قبل مسیح صدی میں بنایا گیا تھا اور وہ اصل نہیں بلکہ ایک نایاب دیوتا کے مجسمے کی نقل تھا۔
امریکی کسٹم حکام نے 2016 کو مذکورہ مجسمے کو اٹلی کی وزارت نوادرات کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے پکڑا تھا، اسی کے ساتھ ہی حکام نے دیگر چوری شدہ نایاب چیزوں کو بھی پکڑا تھا، جنہیں یورپ سے امریکا منتقل کیا جا رہا تھا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ایسے دستاویزات بھی پکڑے گئے تھے، جن سے ثابت ہوتا ہے کہ چوری شدہ نایاب مجسمہ کم کارڈیشن نے خریدا تھا اور انہیں ہی اسے منتقل کیا جانا تھا۔
تبصرے بند ہیں.