لاہور (نیوز ڈیسک) بھارت کے ریئلٹی شو ‘روڈیز ریولوشن’ سے شہرت پانے والے بھارتی اداکار و ماڈل ثاقب خان نے مذہب کی خاطر شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک طویل پوسٹ میں ثاقب خان نے انکشاف کیا کہ وہ اب اداکاری یا ماڈلنگ پروجیکٹس کا حصہ نہیں بنیں گے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ‘امید ہے کہ آپ سب ٹھیک ہوں گے، آج کی پوسٹ یہ اعلان کرنے کے لیے ہے کہ میں شوبز چھوڑ رہا ہوں لہذا اب میں مستقبل میں کوئی ماڈلنگ اور اداکاری نہیں کروں گا’۔
ثاقب خان نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ان کے پاس کام نہیں تھا تو وہ شوبز چھوڑ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میرے پاس اس وقت بھی بہت پروجیکٹس موجود ہیں، بس اللّٰہ تعالیٰ کی مرضی نہیں تھی، ضرور کچھ اچھا اور بہتر سوچا ہوگا اللّٰہ نے میرے لیے، انشا اللّٰہ، کیونکہ وہی سب سے بہتر منصوبہ ساز ہے۔
انہوں نے ممبئی میں اپنی جدوجہد کے حوالے سے بھی لکھا کہ ‘جہاں تک میں نے ممبئی میں جدوجہد دیکھی ہے، یہاں سروائیو کرنا بہت مشکل ہے لیکن میں فخر کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ مجھے مختصر عرصے میں بہت شہرت ملی لیکن یہ صرف دنیا کے لیے ہے، آخرت کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔
ثاقب خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ مختصراً یہ کہ میں گمراہی کی جانب اور اپنے مذہب کے خلاف جارہا تھا، میں نماز پڑھا کرتا تھا لیکن کچھ کمی تھی اور یہ میرا سکون اور اللّٰہ کی جانب اپنی خود احتسابی تھی لہذا اب میں خود کو اللہ کے حوالے کر رہا ہوں۔
اپنی پوسٹ کے اختتام پر ثاقب خان نے لکھا کہ اگر جانے انجانے میں میری کسی بات سے کسی کو دکھ پہنچا ہو تو میں معذرت خواہ ہوں۔
خیال رہے کہ ریئلٹی ٹی وی شو روڈیز ریولوشن میں ثاقب خان پرنس نارولا کے گینگ کا حصہ تھے تاہم وہ پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگئے تھے۔
اس شو کی میزبانی رن وجے سنگھا نے کی تھی جبکہ نیہا دوپیا، نکھل اور ورون سود بھی گینگ لیڈرز کے طور پر شریک تھے۔
ثاقب خان سے قبل گزشتہ برس اکتوبر میں بگ باس سیزن 6 سے مشہور ہونے والی بھارتی اداکارہ ثنا خان نے مذہب کی خاطر شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
ان سے قبل 2019 میں عامر خان کی سپرہٹ فلم ‘دنگل’ سے بولی وڈ میں مشہور ہونے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے فلمی صنعت کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا تھا۔
انسٹاگرام میں ایک پوسٹ میں زائرہ وسیم نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے کیرئیر کا انتخاب ان کے مذہبی عقائد پر اثر انداز ہورہا تھا۔
تبصرے بند ہیں.