لاہور (نیوز ڈیسک) تین سال قبل اکتوبر 2017 میں شوبز کو خیرباد کہہ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کرنے والی سابق اداکارہ نور بخاری نے پہلی نعت ریلیز کردی۔
نور بخاری نے گلوکار ولی حامد سے طلاق کے بعد شوبز کو خیرباد کہا تھا اور وہ گزشتہ کافی عرصے سے حجاب کے ساتھ تصاویر و ویڈیوز شیئر کرتی دکھائی دیں۔
دو ماہ قبل فروری میں نور بخاری کو فیشن ایبل حجاب پہنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا، تاہم انہوں نے مداحوں کی تنقید کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کہا تھاکہ وہ خدا کے سامنے اپنا حساب دیں گی اور لوگ اپنی فکر کریں۔
لوگوں کی تنقید سے کبھی نہ گھبرانے والی سابق اداکارہ نے اب اپنی پہلی نعت کی ویڈیو جاری کردی۔
نور بخاری نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی نعت کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار اپنی لکھی ہوئی نعت کو اپنی آواز میں جاری کردیا۔
نور بخاری نے یوٹیوب پر 31 مارچ کو ’میرے کملی والے کی شان‘ کے عنوان سے نعت جاری کی، جس میں انہیں سفید رنگ کے حجاب کے ساتھ انتہائی عقیدت میں نعت پیش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
نور بخاری کی نعت کو کافی لوگوں نے سراہا اور سابق اداکارہ کی تعریف کرتے ہوئے ان سے مزید نعت جاری کرنے کی فرمائش بھی کی۔
پہلی نعت جاری کرنے سے قبل نور بخاری نے یوٹیوب پر شب برات کے موقع پر اور اس سے قبل بھی اسلامی تعلیمات سے متعلق ویڈیوز ریلیز کی تھیں۔
ساتھ ہی نور بخاری انسٹاگرام پر بھی حجاب کے ساتھ تصاویر شیئر کرنے سمیت مذہبی پوسٹس بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
خیال رہے کہ ماضی میں نور بخاری نہ صرف ٹی وی ڈراموں بلکہ فلموں میں کام کرتی رہیں ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے ٹی وی پر میزبانی کے فرائض بھی سر انجام دیے تھے۔
نور بخاری کو اپنی ناکام ازدواجی زندگی کی وجہ سے بھی ماضی میں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، انہوں نے 2018 میں اپنے سابق شوہر سے پانچویں بار شادی کی تھی۔
نور بخاری نے 2018 میں اپنے سابق شوہرعون چوہدری سے شادی کی تھی، اس سے قبل 2017 میں انہوں نے گلوکار ولی حامد سے طلاق لی تھی۔
ولی حامد سے نور بخاری نے 2015 میں شادی کی تھی جو محض دو سال ہی چل سکی۔
نور بخاری نے پہلی شادی دبئی کے صنعت کار وکرم سے 2008 میں کی تھی، تاہم 2010 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔
بعد ازاں نور 2010 میں ہی ہدایت کار فاروق مینگل کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، تاہم ان کی دوسری شادی بھی صرف 4 ماہ برقرار رہنے کے بعد طلاق پر ختم ہوئی۔
نور بخاری نے تیسری شادی 2012 میں عون چوہدری سے کی تھی مگر کچھ ماہ بعد نور کی ان سے بھی علیحدگی ہوگئی، جس کے بعد اداکارہ نے 2015 میں گلوکار ولی حامد سے رشتہ ازدواج میں بندھیں تھیں۔
تاہم ولی حامد سے بھی 2017 میں انہوں نے خلع لے لی تھی، جس کے بعد 2018 میں نور بخاری نے سابق شوہر عون چوہدری سے دوسری بار شادی کی، جن سے انہیں 2019 میں بیٹی بھی ہوئی۔
تبصرے بند ہیں.