سعودی عرب میں سرکاری ملازمین 30 اگست سے دفاتر میں آئیں گے

سرکاری ادارے اور حکام اپنے بعض ملازمین کو گھروں ہی سے کام کی ذمے داری تفویض کرسکتے ہیں،حکام

ریاض (مانیٹر نگ ڈیسک )سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ سرکاری شعبے میں کام کرنے والے تمام ملازمین 30 اگست کو دفاتر میں لوٹ آئیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی وزارت کے حکام نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے کام پر لوٹنے کا فیصلہ مملکت کے مختلف شہروں اور علاقوں میں کرونا وائرس کی صورت حال اور صحت کے اشاریوں کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق سرکاری ادارے اور حکام اپنے بعض ملازمین کو گھروں ہی سے کام کی ذمے داری تفویض کرسکتے ہیں لیکن اس کی پانچ شرائط ہوں گی پہلی یہ کہ کسی سرکاری ادارے کے ملازمین کی کل تعداد میں سے صرف 25 فی صد تک اپنے گھروں سے یا دور رہ کر کام کرسکیں گے۔دوسری یہ کہ متعلقہ سرکاری ایجنسی یا ادارہ ان ملازمین کو ایسے وسائل مہیا کرے گا جن کی بدولت وہ کسی دور جگہ سے کام کرسکیں۔تیسری یہ کہ جن سرکاری اداروں یا محکموں میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے زیادہ خطرات ہیں،ان کے ملازمین اپنے گھروں سے یا کسی دور مقام سے ہی کام جاری رکھیں گے۔چوتھی یہ کہ سرکاری ملازمین کی دفاتر میں حاضری کے اوقات لچک دار ہوں گے اورپانچویں یہ کہ دفاتر میں حاضری یا شناخت کے لیے انگلی سے داب کر نشان لگانے کی شرط معطل کردی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.