قطر ایئرویز کا چار عرب ملکوں سے ہرجانے کا مطالبہ

ایئرلائن کا داخلہ بند ہونے سے سرمایہ کاری کی قدر کو نقصان پہنچا ،قطر ائیر

دوحہ (انٹرنیشنل ڈیسک)قطر ایئرویز نے چار عرب ملکوں پر کم از کم پانچ ارب ڈالر زرِ تلافی کا دعوی کیا ہے۔ واضح رہے کہ ان چاروں ملکوں، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین نے اپنی فضائی حدود کو تین سال سے قطر ائیرویز کی پروازوں لیے بند کر رکھا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق قطر ایئرویز کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ وہ عرب انویسٹمنٹ معاہدے سمیت تین معاہدوں کی مبینہ خلاف ورزی پر چار سرمایہ کار ثالثوں کے ذریعے متعلقہ ملکوں سے ہرجانہ وصول کرے گی۔کسی عرب ملک کی جانب سے اس بیان پر فوری ردِ عمل ظاہر نہیں کیا گیا۔قطر ایئرویز کے چیف ایگزیکٹو اکبر البکر کا کہنا تھا کہ اس بحران کو حل کرنے کے لیے تین سال سے مصالحانہ کوشش جاری تھی۔ مگر اب تک اس کا کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکل سکا۔ اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ثالثی کے نوٹس جاری کیے جائیں اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام قانونی راستے اختیار کیے جائیں اور ان معاہدوں کی خلاف ورزی کے پیش نظر نقصان کا معاوضہ طلب کیا جائے۔قطر ایئرویز کا کہنا تھا کہ اسے قطر مخالف اقدامات کا نشانہ بنایا گیا اور ایئرلائن کا داخلہ ان چاروں ملکوں میں بند ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری کی قدر کو نقصان پہنچا ۔

تبصرے بند ہیں.