حکومت کاٹیکس آمدن کے اہداف میں کمی حقیقت پسندانہ اقدام ہے ‘ ریو نیو ایڈوائزرز ایسوسی ایشن

پنجاب میں مختلف ٹیکسز کی شرح میں اور مراعات سے مختلف شعبوں کو سہارا اور معاونت ملے گی ' چیئرمین عامر قدیر

لاہور( این این آئی)چیئرمین ریو نیو ایڈوائزرز ایسوسی ایشن عامر قدیر نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس آمدن کے اہداف میں کمی حقیقت پسندانہ اقدام ہے ، پنجاب حکومت کی جانب سے مختلف ٹیکسز کی شرح میں کمی اور مراعات سے مشکل صورتحال سے دوچار شعبوں کوسہارااور معاونت ملے گی جس سے معیشت کا پہیہ چلتا رہے گا ۔

گزشتہ روز ٹیکس کنسلٹنٹس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت چھوٹے اور غیر روایتی کاروبار کو بچانے کیلئے اقدام کرے اور اس کیلئے چھوٹے تاجروں کو شخصی ضمانت پر بغیر سود کے پانچ لاکھ تک کے قرضے دئیے جائیں۔ چھوٹے اور بڑے تاجر کے ساتھ اوسطاً2سے 20ملازمین وابستہ ہیں اور اگر ان کا کاروبار چلے گا تو ان سے جڑے ہوئے عملے کو بھی روزگار کے مواقع ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹیکس آمدن کے اہداف میں کمی درست فیصلہ ہے کیونکہ اس سے تاجروں سمیت دیگر شعبوں میں کام کرنے والوں کے سروں پر خطرے کی تلوار نہیں لٹکے گی اور وہ بے خوف ہو کر کاروبار کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ تاجروں سمیت ہر طبقہ ٹیکس کی ادائیگی کرنا چاہتا ہے اور کر رہا ہے ،حکومت کو اپنے محکموں میں موجود کالی بھیڑوں کا بھی محاسبہ کرنا چاہیے جومسائل پیدا کرنے کا سبب ہیں۔

تبصرے بند ہیں.