اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک بارپھر اسمبلیوں کے مواصلاتی سیشن منعقد کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاہے کہ ایک درجن سے زائد ارکان پارلیمنٹ کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ایک بیان میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ اسمبلی کے براہ راست اجلاسوں کے بعد ارکان پارلیمان میں کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں، پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوٹل میں کرنا پیسے کا ضیاع ہوگا، پنجاب اسمبلی کے ہوٹل میں اجلاس سے اضافی طورپر دو کروڑ سے زائد اخراجات برداشت کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکنالوجی سے فائدہ کیوں نہیں اٹھا رہے، براہ راست اجلاس کی بجائے ورچوئل سیشن کا انعقاد کیا جائے، مواصلاتی سیشن سے اخراجات اور بیماری کے خدشات سے بچا جا سکتا ہے۔فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں غیر ملکی ڈراموں کی بجائے پاکستانی پروڈکشن کو مضبوط کرنے کا مشورہ بھی دیا، ان کا کہنا تھا کہ حیران ہوں کہ پی ٹی وی ہوم غیرملکی پرڈکشن کے ڈراموں پر نازاں ہے، پاکستانی پروڈکشن پر فوکس کرنا ہوگا، ایسا نہ ہوا تو غیرملکی ڈرامے پاکستانی پروڈکشن کو تباہ کردیں گے، غیر ملکی ڈرامہ امپورٹ کرنا ہمیشہ سے سستا رہا ہے مگر غیر ملکی ڈرامہ پاکستانی پروگرامنگ کو تباہ کردے گا۔
تبصرے بند ہیں.