لاہور (کامرس رپورٹر)سندھ کے بعد پنجاب حکومت نے بھی شاپنگ مالز اور بڑے پلازوں سمیت دیگر مارکیٹس کو پورا ہفتہ کھولنے کی اجازت دے دی، پنجاب حکومت کی کیبنٹ کمیٹی برائے انسدادکورونا کی ہدایت پرسیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے شاپنگ مالز اور بڑے پلازوں سمیت دیگر مارکیٹس کو کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں تمام شاپنگ مالز اور پلازے ہفتے کے 7 روز صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے جب کہ شاپنگ مالز اور بڑے پلازوں میں قائم فوڈ کورٹ اور پلے ایریاز بند رہیں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام شاپنگ مالز اورپلازوں میں ایس او پیزپر عمل درآمدکرنا لازم ہو گا، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق شاپنگ مالز اور پلازوں کے لیے قواعد وضوابط بھی نوٹیفکیشن کےساتھ ہی جاری کیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ کورونا وائرس ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ملک بھر میں چھوٹی مارکیٹیں ہفتے اور اتوار کو بھی کھلی رکھنے اور شاپنگ مالز کو بھی کھولنے کا حکم دیا تھا، اپنے تحریری حکم نامے میں عدالت عظمیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ میں شاپنگ مالز بند رکھنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی، سندھ حکومت شاپنگ مالز کھولنے کے لیے وفاقی حکومت سے رجوع کرے۔
تبصرے بند ہیں.