لندن (نیٹ نیوز)کورونا وائرس سے جنگ لڑتے ہوئے محبت کا جشن منانے والے معمر اطالوی جوڑے نے شادی کی 50 ویں سالگرہ آئی سی یو میں منائی۔برطانوی جریدے ڈیلی میل میں شائع رپورٹ کے مطابق اطالوی علاقے مارکے کے مری ہسپتال میں ایک معمر جوڑا آئی سی یو میں زیر علاج ہے جو کورونا سے متاثر ہے، ان دونوں میاں بیوی کی عمر 70 سال سے زائد ہے، معمر جوڑے کی دیکھ بھال پر مامور ہسپتال کی ایک نرس کو بتایا گیا کہ اس جوڑے کی شادی کو 50 برس مکمل ہونے والے ہیں اور ان کی گولڈن جوبلی عنقریب ہے لیکن وہ اس طرح آئی سی یو میں زیرعلاج ہیں، ہسپتال میں زیر علاج خاتون نے نرس سے کہا کہ ان کے 73 سالہ شوہر ان کا بہت خیال رکھتے تھے اور ان سے بہت محبت کرتے تھے۔ نرس نے خاتون کی یہ بات سن کر طبی عملے کے ساتھ مل کر شادی کی سالگرہ منانے کا انتظام کیا اور معمر خاتون کے شوہر کو ان کے برابر والے بیڈ پر منتقل کیا، طبی عملے نے تمام حفاظتی کٹس استعمال کرتے ہوئے اطالوی جوڑے کی سالگرہ کا کیک کٹوایا جس پر 50 موم بتیاں بھی سجائیں لیکن آئی سی یو میں انہیں بجھائے رکھا کیونکہ وہاں آکسیجن فراہم کی جاتی ہے۔نرس کا کہنا تھا کہ دونوں نے شادی کی سالگرہ پر ایک دوسرے کا بستر پر لیٹے ہوئے ہاتھ بھی پکڑا اور تمام عملے نے جوڑے کے ساتھ تصاویر لیں۔
تبصرے بند ہیں.