واشنگٹن(نیٹ نیوز ) امریکی فوج کے سربراہ جنرل مارک ملی کا کہنا ہے کہ یہ قیاس آرائیاں ہیں کہ کورونا وائرس کو چین کی لیبارٹری میں تیار کیا گیا۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امریکی فوج کے سربراہ جنرل مارک ملی نے کہا کہ کورونا وائرس کو چین کی تجربہ گاہ میں حیاتیاتی ہتھیار کے طور پر نہیں بنایا گیا، میڈیا پر اور سوشل میڈیا میں اس حوالے سے افواہیں اور قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔جنرل مارک ملی نے کہا کہ قیاس آرائیوں کا جنرل انٹیلی جنس حکام نے جائزہ لیا جو کسی نتیجے پر نہیں پہنچے مگر ٹھوس شواہد وائرس کے قدرتی ہونےکی جانب اشارہ کرتے ہیں، شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ کورونا وائرس قدرتی طور پر ہی ماحول میں موجود تھا۔واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کو چینی وائرس کانام دیا تھا جب کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اسے ووہان وائرس کا نام دیا تھا۔امریکی حکام نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ کورونا وائرس چین نے لیبارٹری میں تیار کیا ہے جب کہ چین کی جانب سے امریکی الزامات کی تردید کی گئی تھی۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سے امریکا کورونا کیسز اور اس سے ہونے والی اموات کی تعداد میں دنیا بھر میں سرفہرست ہے جہاں اب تک ساڑھے 6 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جب کہ 26 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.