کورونا وائرس، پاکستان میں کلوروکوئن خام کی تیاری کی اجازت

اسلام آباد:(نیوز رپورٹر)ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے کورونا وائرس کے علاج کے لیے استعمال کی جانے والی دوا کلوروکوئن کے خام مال کی مقامی طور پر تیاری کی اجازت دے دی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی ہدایت پر کورونا وائرس سےبچاو کے لیے ڈریپ نے اہم اقدامات کیے ہیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا ہے کہ ڈریپ نے کلوروکوئن کے خام مال کی مقامی طور پر تیاری کی اجازت دے دی اور کورونا کے لیے پلازما تھیراپی کے کلینیکل ٹرائلز کی بھی اجازت دے دی گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ ڈریپ نے پاکستان میں تیار ہونے والے وینٹی لیٹرز کے کلینکل ٹرائلز کی اجازت بھی دے دی جس کے بعد پاکستان انجینئرنگ کونسل کے تیار وینٹی لیٹرزکو استعمال سے پہلے ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ڈریپ کی جانب سے 50 سے زائد کمپنیوں کو 3 ماہ کے لیے ہینڈ سینیٹائزر بنانے کی اجازت دی گئی ہے، ہینڈ سینیٹائزرکی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈریپ نے کچھ دن پہلے نوٹی فیکیشن جاری کیا تھا، لائسنس یافتہ کمپنیاں ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کے مطابق معیاری ہینڈ سینیٹائزر تیار کریں گی۔واضح رہےکہ امریکی قومی ادارہ صحت نے پاکستان کو کورونا وائرس کا علاج دریافت کرنے والے ممالک میں شامل کرلیا ہے، امریکی قومی ادارہ صحت کی لائبریری برائے ادویات نے پاکستان کو فہرست میں شامل کیا اور ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد کی 20 رکنی ٹیم کو مریضوں پر تجربات کرنے کے لیے اہل قرار دیا۔

تبصرے بند ہیں.