کورونا وائرس کی ہلاکت خیزی ، یوکرائن میں 600قبریں ایڈوانس تیار

ڈنپرو(نیٹ نیوز )عالمگیر وبا کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 88 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور ان ہی ہلاکتوں کے پیشِ نظر متعدد ممالک حکمتِ عملی تیار کررہے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے شہر ڈنپرو کی مقامی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے متوقع ہلاکتوں کے پیشِ نظر سیکڑوں قبریں کھودنے کا حکم دیا ہے، ڈنپرو میں اب تک کورونا وائرس کے 13 کیسز کی تصدیق کی جا چکی ہے جب کہ اس شہر میں وائرس کی وجہ سے اب تک ایک ہلاکت بھی سامنے نہیں آئی ہے، اس کے باوجود بھی ڈنپرو کے میئر کی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ حکام مشکل حالات سے لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں اور اس ضمن میں ہم نے کورونا وائرس کی وجہ سے متوقع ہلاکتوں کے پیشِ نظر 600 نئی قبریں تیار کی ہیں۔علاوہ ازیں ڈنپرو کے میئر نے یہ بھی کیا کہ 600 قبروں کے علاوہ ہم نے ایک ہزار پلاسٹک بیگز کا بھی انتظام کرلیا ہے جس میں کورونا وائرس سے مرنے والے شخص کی لاش رکھی جاتی ہے، میئر کےاعلان کے بعد عوام کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ یہ خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں جب کہ متعدد لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے میئر لوگوں کو سماجی دوری اختیار کرنےکی اہمیت واضح کرنا چاہتے ہیں۔خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ 19 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ ساڑھے 88 ہزار سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار بھی چکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.