لاہور (قیصر مغل /سپیشل رپورٹر)پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے دوران کاروبار زندگی بند اور لاک ڈاﺅن سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر صوبے کے عوام کو ایک اور ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے ، کورونا وائرس کی چھٹیوں کے دوران نجی سکول اپریل اور مئی کی 80 فیصد فیس وصول کرنے کے پابند ہوں گے ، نجی سکول سے کسی ٹیچر کو نہیں نکالا جائے گا اور تمام عملہ کو پوری تنخواہیں ادا کی جائیں گی ، چیف سیکرٹری پنجاب نے سمری منظوری کےلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھیج دی ، ایک دو دن میں باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث گھروں میں قید والدین نے کاروبار زندگی بند ہونے کی بناءپر سوشل میدیا کے ذریعے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی تھی کہ موجودہ حالات سب کے سامنے ہیں لہذٰا نجی سکولوں کو فیسیں وصول نہ کرنے کا حکم دیا جائے جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا وائرس کے دوران نجی سکولوں کی جان ب سے فیسوں کی وصول کا میکنزم وضع کرنے کےلئے وزیر قانون اور وزیر سکول ایجوکیشن پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دید ی ۔ 29 مارچ کو کمیٹی کے ممبران صوبائی وزیر قانون بشارت راجہ اور وزیر سکول ایجوکیشن مراد راس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں درج ذیل فیصلے کئے گئے ، (1)نجی سکول کورونا وائرس کوویڈ – 19 کے پھیلاﺅ کے دوران اپریل اور مئی کے لئے فیسوں کی مد میں 80 فیصدرقم وصول کریں گے(2 ) سکول صرف ماہانہ بنیادوں پر فیس وصول کرنے کے پابند ہوں گے ، کسی کو بھی یکمشت فیس وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی (3 ) کوئی نجی سکول چھٹیوںکے دوران کسی بھی ٹیچر کو ملازمت سے نہیں نکال سکے گا(4 ) نجی سکول مالکان ٹیچرز سمیت تمام ملازمین کو پوری تنخواہوں کی ادائیگی کے پابند ہوں گے ۔ وزیر اعلیٰ کی کمیٹی کے بعد 29 مارچ کوہی صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن مراد راس نے چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میںسکولوں کی چھٹیوں کے دوران سرکاری سکولوں کے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا اور درج ذیل سفارشات مرتب کیں ، ان سفارشات کے مطابق پی ایم آئی یو اور پی آئی ٹی بی کی معاونت سے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لیکچرز کی تیاری کر رہا ہے جنہیں آن لائن کیا جائے گا ، یہ لیکچرز سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریشن (ایس این ایز)کے تحت تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے حوالے کئے جائیں گے تاکہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں مقامی کیبل سسٹم پر یہ لیکچرز نشر کریں ۔اس مقصد کےلئے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کیبل آپریٹرز سے میٹنگ کریں گے جس میں کیبل آپریٹر ز کو ایک الگ چینل چلانے کی اجازت دی جائے گی ان کو پابند کیا جائے گا کہ وہ اس چینل پرمحکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے تیار کئے گئے لیکچرز کو فری آف کاسٹ نشر کریں ۔پہلے مرحلہ میں یہ لیکچرزدو ہفتوں کے لئے ہوں گے جس میں کلاس ون سے کلاس 8 تک کے لئے میتھ اور سائنس مضامین ، اور اسی طرح کلاس نہم اور دہم کےلئے بھی میتھ اور سائنس مضامین کے لیکچرز پہلے دو ہفتوں کےلئے ہوں گے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیزان لیکچرز کو یکم اپریل سے نشر کرنے کےلئے تما م اقدامات اٹھائے گی ، یہ سلسلہ چھٹیوں کے دوران جاری رہے گا اور سکول کھلنے کے بعد اسے دہرائی کے لئے بھی استعمال کیا جائے گا ۔سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کلاس ون سے کلاس دہم تک ہوم ورک پیکجز بھی تیار کرے گا جو آن لائن دستیاب ہوں گے اور متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز سے بھی حاصل کئے جا سکیں گے ، سکول ایجوکیشن منسٹر نے یہ تجویز بھی دی کہ کلاس ون سے کلاس 8 تک کے طلبہ کو چھٹیوں کے دوران ہوم ورک کی بنا پر اگلی کلاسز میں ترقی دیدی جائے ، نجی سکولوں میں بھی یہی فارمولا اپنایاجائے گا اور محکمہ کی جانب سے جاری وقتا فوقتا ہدایات پر عملدرآمد لازمی کیا جائے گا۔
ان تمام سفارشات کی روشنی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو سمری بھیجی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے اس ضمن میں گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی اجازت دی جائے ،سمری میں کہا گیا ہے کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو اجازت دی جائے تاکہ وہ 6 اپریل سے 31 مئی تک سکولوں میں چھٹیوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر سکے، سمری میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے استدعا کی گئی کہ وزیر قانون ، وزیر سکول ایجوکیشن اور چیف سیکرٹری پنجاب کے اجلاسوں میں نجی سکولوں کے بارے طے کردہ سفارشات پر عملدرآمد کے لئے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی اجازت دی جائے
سمری میں کہا گیا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کو ہدایات جاری کی اجازت دی جائے، صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن کی تجویز کی روشنی میں کلاس ون سے کلاس 8 تک کے بچوں کو ہوم ورک کی بنیاد پر اگلی کلاسوں میں ترقی دینے اور یہی فارمولا نجی سکولوں پر لاگو کرنے کی اجازت دی جائے۔
تبصرے بند ہیں.