پاکستان میں بھی کرونا 2 افراد کی جان لے گیا، مرنے والے افراد میں ایک کا تعلق مردان اور دوسرے کا ہنگو سے تھا، ملک بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 307 تک جاپہنچی۔ مرادان میں 50 سالہ شخص کو ایک روز قبل میڈیکل کمپلیکس لایا گیا تھا، سعادت خان گزشتہ ہفتے ہی عمرہ کر کے واپس آیا تھا۔ ہلاکت کے بعد مردان انتظامیہ نے منگاہ کے علاقے کو لاک ڈاؤن کر دیا جبکہ علاقے میں آمد ورفت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی، علاقہ مکینوں کی سکریننگ کے انتظامات جاری ہیں۔ جان لیوا وائرس نے ہنگو کے رہائشی 36 سالہ شخص کی جان بھی لے لی، متاثرہ شخص لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں زیر علاج تھا۔سندھ میں مزید 36 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ تفتان سے سکھر آنے والے مزید 17 زائرین میں وائرس کی تصدیق کی گئی، کرونا کے 19 مریض کراچی میں رپورٹ ہوئے۔ سندھ بھر میں مریضوں کی تعداد 208 تک پہنچ گئی۔صورتحال کے پیش نظر کمشنر کراچی نے وفاق سے ایکسپو سینٹر میں آئسولیشن سینٹر اور فیلڈ ہسپتال بنانے کی درخواست کر دی جس پر وفاقی حکومت نے رضا مندی کا اظہار کیا ہے۔ ایس آئی یو ٹی میں بھی کرونا وائرس کی ٹیسٹ کٹس فراہم کر دی گئی ہیں، آئسولیشن سینٹر بھی بنا دیا گیا۔پنجاب میں وائرس سے 33، بلوچستان میں 23، یبرپختونخوا 19، گلگت بلتستان میں 15، اسلام آباد میں 8 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص کرونا سے متاثر ہے۔
تبصرے بند ہیں.