ملک میں پہلی بار باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو ٹریننگ کے لیے بیرون ملک بھیجا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اپنے کوچز کو بھی اعلیٰ تربیت کیلئے انگلینڈ بھیجنے کے منصوبے پر سنجیدگی سے کام کررہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی لندن پہنچ گئے ہیں جب کہ منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان اتوار کو لاہور سے لندن روانہ ہورہے ہیں۔دونوں کا دورہ انگلینڈ انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے جس میں دونوں میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) اور انگلش بورڈ کے حکام سے ملاقات کریں گے جب کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں سے بھی ان کی ملاقات ہوگی اور دونوں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دو میچ دیکھیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام انگلینڈ میں میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کے حکام سے ملیں گے اور انہیں دعوت دیں گے کہ ایم سی سی اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے دورے پر بھیجے۔انگلش کرکٹ بورڈ سے احسان مانی اور وسیم خان دو طرفہ سیریز اور پی سی بی کے نشریاتی حقوق پر بھی بات کریں گے، 2022 میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان شیڈول ہے۔حدرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، انگلش بورڈ کے ساتھ ایکسچینج پروگرام پر بات کرے گا اور انگلش بورڈ کو تجویز دی جائے گی کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو تربیت کیلئے پاکستان بھیجے جب کہ پاکستانی کرکٹرز ایکسچینج پروگرام کے تحت ٹریننگ کیلئے انگلینڈ جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے کوچز کو گرومنگ کیلئے انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس پروگرام پر بھی انگلش بورڈ سے بات کی جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے بڑے یہ تجویز لے کر جارہے ہیں کہ پاکستان کے کوچز کاؤنٹیز کے ساتھ کام کریں اور انہیں پتہ چل سکے کہ کاؤنٹی میں کوچز کس طرح کام کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق احسان مانی اور وسیم خان کا دورہ انگلینڈ اہمیت کا حامل ہے اور اس سے پاکستان کو کرکٹ کو فائدہ ہوگا۔
تبصرے بند ہیں.