رواں مالی سال 1300 ایکڑپر زیتون کاشت کیا جائیگا، پی اے آر سی

اسلام آباد: پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی) اور اٹلی کی حکومت کی باہمی شراکت سے رواں مالی سال کے دوران ملک میں 1300 ایکڑ رقبے پر زیتون کاشت کیا جائے گا۔ زیتون کے نئے باغات صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا،بلوچستان اور فاٹا میں لگائے جائیں گے۔ ایک بیان میں پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ آئندہ دو سال کے دوران مزید 2200 ایکڑ رقبے پر زیتون کی کاشت کا عمل مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ زیتون کی کاشت کے عمل میں بہتری کیلیے پی اے آر سی نے 300 سے زائد کسانوں این جی اوز سے وابستہ اہلکاروں اور باغات کی انتظامیہ کے افراد کو تربیت فراہم کی ہے اس کے علاوہ پبلک سیکٹر میں پانچ جبکہ نجی شعبے میں 53 نرسریاں بھی قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے دس لاکھ سے زائد زیتون کی قلمیں نرسریوں کو فراہم کی جاچکی ہیں۔ ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ کاشت کردہ زیتون کے پود ے 2015 میں پھل دینا شروع کردیں گے جس سے ملک میں زیتون کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.