پولیس نے جیا خان خودکشی کیس میں ادیتیہ پنچولی کے بیٹے کو گرفتار کرلیا
ممبئی: پولیس نے جیا خان کے ملنے والے خط کے بعد کارروائی کرتے ہوئے بالی ووڈ اداکار ادیتہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی کو گرفتار کر لیا ہے۔ بھارتی اخبارکے مطابق اداکارہ جیا خان نے خودکشی سے پہلے سورج کے نام جو خط لکھا تھا وہ پولیس کے ہاتھ لگ گیا جس کی روشنی میں ہی سورج پنچولی کو گرفتار کیا گیا ، پولیس کے مطابق سورج پنچولی کو ٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر ہی گرفتار کیا گیا ہے، جیا کے اہل خانہ نے پولیس کو ان کا لکھا گیا ایک خط دیا تھا ، خط میں جیا نے لکھا تھا کہ کوئی دوسری عورت تمہیں اس طرح محبت نہیں کر سکتی جس طرح میں نے کی ہے، میں یہ بات اپنے خون سے بھی لکھ سکتی ہوں، مجھے بے حد تکلیف ہوئی جب مجھے تمہارے بچے کو گرانا پڑا، ان کا مزید کہنا تھا کہ کیا یہ صحیح ہے کہ جس شخص سے آپ محبت کرتے ہوں وہ آپ کو مسلسل تکلیف دے اور آپ کو مارنے کی دھمکی دے یا دوسری لڑکیوں کی خوبصورتی کی تعریف کر کے آپ سے دھوکہ کرے۔ خط میں جیا نے مزید لکھا کہ ویلنٹائن ڈے کے دن بھی تم مجھ سے دور رہے، تم نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ ہماری دوستی کو ایک سال مکمل ہونے پر تم مجھ سے منگنی کرلو گے، مجھے صرف تم اور خوشیاں چاہیئے تھیں لیکن تم نے مجھ سے دونوں چھین لیں اور اب میرے پاس جینے کی کوئی وجہ نہیں بچی، میں یہ دنیا بکھرے ہوئے خوابوں اور توڑے گئے وعدوں کے ساتھ چھوڑ رہی ہوں، اب میں سکون سے سونا چاہتی ہوں تاکہ پھر کبھی نہ اٹھ سکوں، خط میں جیا کا کہنا تھا کہ مجھے تمہاری طرف سے کوئی محبت نہیں مل سکی، مجھے اب ڈر لگتا ہے کہ تم مجھے جسمانی یا کوئی ذہنی اذیت دو گے، اگر میں یہاں رہی تو میں تمہیں یاد کرتی رہوں گی اس لئے میں اپنے 10 سالہ کیریئر اور خوابوں کو خداحافظ کہہ رہی ہوں۔ جیا کی بہن کویتا کو یہ خط جیا کی خودکشی کے 3 دن بعد اس کے پرس سے ملا اور اس کے اہل خانہ نے یہ خط میڈیا اور پولیس کو اس لئے دیا تاکہ لوگ جان سکیں کہ جیا کی خودکشی کی وجہ اس کے بالی ووڈ کے کیرئیر کی ناکامی نہیں بلکہ کچھ اور تھی۔ واضح رہے کہ جیا خان نے چند روز قبل ممبئی میں اپنے فلیٹ میں خودکشی کر لی تھی اور یہ اقدام اٹھانے سے قبل اس نے آخری بات ادیتہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی سے کی تھی جس پر پولیس نے سورج پنچولی کو شامل تفتیش بھی کیا تھا
تبصرے بند ہیں.