آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی؛ ویسٹ انڈیز کے 30 اوورز کے اختتام پر 5 وکٹوں پر 112 رنز
لندن: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 171 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ جاری ہے اور 30 اوورز کے اختتام پر اس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنالئے ہیں۔ اوول کے گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں ویسٹ انڈیزکے کپتان ڈیوائن براوو نے ٹاس جیت کرپہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ان کا یہ فیصلہ ویسٹ انڈیز کے لئے بہت سودمند ثابت ہوا، پاکستان کی ابتدائی 3 وکٹیں صرف 15 رنز کے عوض ہی گرگئیں، اوپنر عمران فرحت 2 ، محمد حفیظ 4 اور اسد شفیق بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، ناصر جمشید نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وہ 50 رنز بنا کرآوٹ ہوئے، شعیب ملک ایک مرتبہ پھر ناکام ثابت ہوئے اور بغیر کھاتہ کھولے ہی واپس لوٹ گئے، وکٹ کیپر کامران اکمل صرف 2 رنز بناسکے ،وہاب ریاض 6 جب کہ سعید اجمل 2 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری وقت تک کریز پر موجود رہے، انہوں نے 96 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ اور سنیل نرائن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ روی رامپال اور ڈیوائن براوو ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ آئی سی سی ون ڈے ٹورنامنٹس میں ویسٹ انڈیز کا پاکستان پر پلڑہ بھاری ہے، اس نے باہمی مقابلوں میں 8 جبکہ پاکستان نے 4 بار فتح حاصل کی، آخری مرتبہ آئی سی سی ٹورنامنٹس میں کھیلے جانے والے دونوں میچز میں پاکستان نے فتح پائی، جنوبی افریقہ میں 2009 میں کھیلی جانے والی چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ 2011 کے کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈین ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تبصرے بند ہیں.