فلم ’’بشیرا‘‘ کے مرکزی کردار نے سلطان راہی کو عروج پر پہنچا دیا
لاہور: فلم انڈسٹری کا سلطان (سلطان راہی) کو عام طور پر ایک ایکشن ہیرو کے طور پر یاد کیا جاتا ہے، بدمعاشی اور غنڈہ گردی کو سلطان راہی سے منسوب کرنا سراسر زیادتی ہے۔ بدمعاشی تو ان کا ایک فلمی کردار تھا جب کہ بطور انسان سلطان راہی جیسا خدا ترس ، نیک اور درویش صفت انسان کم ازکم فلم انڈسٹری میں ملنا مشکل ہے، انتہائی غربت وافلاس کے دور سے انتہائی امارت کا دور بھی دیکھا تھا۔ اپنے ابتدائی دور میں اسے ایک ایکسٹرا کے طور پر جدوجہد کرنا پڑی تھی۔ سلطان راہی نے اپنے چالیس سالہ فلمی کیرئیر میں آٹھ سو سے زائد فلموں میں کام کیا تھا جو زیادہ سے زیادہ فلموں کا ریکارڈ ہی نہیں بلکہ اس بے مثل ریکارڈ میں کئی ایک منفرد انفرادی ریکارڈبھی ہیں جن میں تین سو سے زائد فلموں میں ٹائٹل رول، پانچ سو سے زائد فلموں میں ہیرو آنا، سو سے زائد فلموں میں ولن اور سو سے زائد فلموں میں ایکسٹرا، ایک کیلنڈر ائیر میں متعدد بار تیس سے زائد فلموں میں کام کرنا اور سب سے زیادہ ڈائمنڈ جوبلی ، پلاٹینم جوبلی ،گولڈن جوبلی اور سلور جوبلی فلموں میں کام کرنا ہے۔ان کے علاوہ سب سے اہم بات سلطان راہی نے ایک ایکسٹرا اداکار کے طور پر آغاز کیا اور جب عروج پر پہنچا تو مسلسل دو عشرون تک اس کا کوئی ثانی نہیں تھا۔
تبصرے بند ہیں.