پی سی بی کے جمہوری نظام کوسازگاربنانے کا آغاز

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے جمہوری نظام کو سازگار بنانے کا آغاز ہوگیا۔ پی سی بی میں پہلے ہی مختلف ذمہ داریوں کے حامل2عہدیداروں سمیت 5ارکان گورننگ بورڈ کا حصہ بن گئے، ان میں چیف سلیکٹر اقبال قاسم اور منیجر قومی ٹیم نوید اکرم چیمہ بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے مطالبے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئین تشکیل دے کر جمہوری نظام کی طرف پیش قدمی شروع کردی، اسی کیساتھ حالات سازگار بنانے کا بھی آغاز ہوگیا ہے، گزشتہ روز گورننگ بورڈ کیلیے 5ارکان کا انتخاب ہوا، ان میں سے 2پہلے ہی پی سی بی میں مختلف عہدوں پر ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے ہیں، نیشنل بینک کی نمائندگی کیلیے منتخب ہونے والے اقبال قاسم قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔واپڈا کے نمائندے نوید اکرم چیمہ قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر بھی ہیں، زرعی ترقیاتی بینک کی طرف سے منتخب کیے جانے والے مسعود انور حامد، اسٹیٹ بینک کے محمد ہارون رشید اور حبیب بینک کے علی مستنصر بھی گورننگ بورڈ میں شامل ہونگے، اگلے مرحلے میں5ریجنل نمائندوں کا انتخاب ہونا ہے۔ یاد رہے کہ نئے آئین کے تحت چیف پیٹرن صدر مملکت کو چیئرمین پی سی بی کیلیے 2 شخصیات کے نام دینے کا اختیار حاصل ہے، ان میں سے کسی ایک کی نامزدگی ایسی 4رکنی کمیٹی کریگی جس میں گورننگ بورڈ کے 2 اور صدر کے نامزد کردہ اتنے ہی ارکان شامل ہونگے، بعد ازاں فیصلے کی توثیق بھی گورننگ بورڈ کے ووٹ کا حق رکھنے والے 10ارکان کو ہی کرنا ہے۔

تبصرے بند ہیں.