وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی بہترین اقتصادی پالیسی کے سبب غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے راغب ہو رہی ہیں۔
کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یاماہا موٹر سائیکل کے نئے جدید پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے کہا کہ یاماہا کمپنی موجودہ حکومت سے قبل پاکستان میں اپنے پلانٹ بند کر چکا تھا مگر موجودہ حکومت کی سنجیدہ کوششوں کی وجہ سے ان کی ملک میں دوبارہ واپسی ہوئی ہے۔ یاماہا کی پاکستان میں دوبارہ واپسی موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ یاماہا پاکستان میں 150 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی جس سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم کی سنجیدہ کوششوں سے پاکستان تیزی سے دہشتگردی، توانائی اور دیگر مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہو رہا ہے۔ جاپانی کمپنیوں کے پاس بہترین مواقع ہیں کہ وہ پاکستان آ کر سرمایہ کاری کریں۔ پاکستان اور جاپان کے مابین زراعت اور دیگر شعبوں میں باہمی تجارت کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے جاپانی کمپینوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان آ کر سرمایہ کاری کریں۔
تبصرے بند ہیں.