Latest National, International, Sports & Business News

آئی سی سی نے محمد حفیظ کا بائولنگ ایکشن بھی غیر قانونی قرار دے دیا

سابق کپتان پر پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا ، بین الاقوامی میچز میں بائولنگ نہیں کروا سکیں گے

لاہور :سعید اجمل کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک اور دھچکا لگ گیا ، آئی سی سی نےمحمد حفیظ کے بائولنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دے دیا ، پابندی کا اطلاق فوری ہو گا ، محمد حفیظ اب انٹرنیشنل میچز میں باؤلنگ نہیں کرا سکیں گے ۔ ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان کی کرکٹ ٹیم شدید مشکلات سے دوچار ہے ۔ آئی سی سی نے سعید اجمل کے بعد محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن بھی غیر قانونی قرار دے دیا ۔ ان کا باؤلنگ ایکشن نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں رپورٹ ہوا تھا ۔ محمد حفیظ نے 24 نومبر کو انگلینڈ کی اکیڈمی میں باؤلنگ ایکشن کا بائیو میکنکس ٹیسٹ دیا تھا ، آئی سی سی کے مطابق محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن 15 ڈگری سے زائد ہے جس کے بعد قومی آل رائونڈر پر ایکشن کی درستگی تک انٹرنیشنل میچز میں باؤلنگ کرانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ، آئی سی سی کے مطابق محمد حفیظ اپنے باؤلنگ ایکشن میں تبدیلی لانے کے بعد دوبارہ تجزیے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں ۔ رواں سال بھارت میں ہونے والی ٹی 20 چیمپئنز لیگ میں بھی محمد حفیظ کے بائولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیا گیا تھا ۔ تین ماہ کے مختصر عرصے میں یہ دوسرا موقع ہے کہ پاکستانی باؤلرز کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیا گیا ہے ۔

تبصرے بند ہیں.