کراچی / لاہور: آسٹریلیا کا سابق گریڈ کرکٹر پاکستانی اسٹار بیٹسمینوں کی تکنیک درست کرائے گا۔
پی سی بی نے حیران کن فیصلہ کرتے ہوئے ٹرینٹ ووڈہل کو قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا، وہ آزمائشی میچ طور پر چیمپئنز ٹرافی میں خدمات انجام دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی بورڈ نے پوری دنیا میں چھان پھٹک کے بعد بیٹنگ کوچ کیلیے ایک ایسے شخص کا انتخاب کیا جس نے فرسٹ کلاس کرکٹ بھی نہیں کھیلی۔
41 سالہ ٹرینٹ ووڈہل سڈنی کے ایک گریڈ کرکٹر اور موقع ملنے پر انگلینڈ میں لیگ کرکٹ کھیل لیا کرتے تھے، بطور اسسٹنٹ کوچ انھوں نے صرف نیوزی لینڈ میں فل ٹائم کام کیا جبکہ آئی پی ایل ٹیم ڈیر ڈیولز اور بگ باش سائیڈ میلبورن اسٹارز نے ان کی خدمات سالانہ بنیادوں پر اسسٹنٹ کے طور پر لی ہوئی ہیں۔
غیرملکی ووڈہل کے پرانے کلب کوچ اور استاد اسٹیو رکسن نے 2005 میں انھیں سیریز میں اسسٹنٹ کے طور پر کام دلایا، جب دہلی ڈیرڈیولز نے وارنر کی خدمات حاصل کیں تو ان کے مشورے پر ہی ذاتی کوچ ووڈہل کو بھی کوچنگ اسٹاف میں شامل کرلیا، جہاں انھوں نے ڈینیئل ویٹوری کو اپنی ’صلاحیتوں‘ کا ایسا گرویدہ کیا کہ وہ انھیں کیوی سیٹ اپ میں لے گئے، وہاں پہلی ہی ملاقات میں جان رائٹ ان سے اتنے متاثر ہوئے کہ اپنا اسسٹنٹ بنالیا مگر ان کے سبکدوش ہونے کے بعد ووڈہل کی نیوزی لینڈ سے چھٹی ہوگئی۔
گذشتہ روز انتخاب عالم نے لاہور میں پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ موصول درخواستوں کا جائزہ لے کر کمیٹی نے ووڈ ہل کو فائنل کیا، ابتدائی مرحلے میں صرف تین ہفتوں کیلیے خدمات حاصل کی گئی ہیں، ٹیم کو چیمپنز ٹرافی کے دوران جوائن کرینگے، ان کے ساتھ معاہدے میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے، انتخاب عالم نے معاہدے کو خفیہ قرار دیتے ہوئے معاوضہ بتانے سے انکار کردیا۔
تبصرے بند ہیں.