شارجہ میں پاکستان کی بالا دستی برقرار، فتوحات کا عالمی ریکارڈ

شارجہ: شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی کرکٹرز کے حوصلوں میں بلا کی گرمی تھی۔ دو اعصاب شکن مقابلوں کے بعد انہوں نے تیسرے ایک روزہ میچ میں اپنی دھاک کچھ اس طرح بٹھائی کہ باؤلنگ کے بعد سری لنکا کی بیٹنگ بھی بری طرح پسپا ہوئی۔ گزشتہ تین برسوں میں موم کی ناک بنے رہنے کے بعد پاکستانی بیٹنگ کا جادو بھی اس سیریز میں سر چڑھ کر بول رہا ہے اور اس نے مسلسل تین بار تین سو کا ہندسہ عبور کیا۔ محمد حفیظ اور احمد شہزاد کا بلا جھرنوں کی طرح رنز برسا رہا ہے۔ حفیظ دو اور احمد ایک سینچری داغ چکے ہیں۔ اچانک پاکستانی بیٹنگ کا ڈی این اے کیسے تبدیل ہوا؟ اس سوال پر کپتان مصباح نے کہا، ”ایک تو یہاں حالات بیٹنگ کیلئے اچھے ہیں اور کسی بیٹسمین کے فارم میں واپس آنے کے لیے ایک اچھی اننگز درکار ہوتی ہے۔ یہاں حفیظ نے جو کارکردگی دکھائی ہے، وہ ٹیم کے لیے اچھا شگون ہے اور آئندہ ہم رنز کا تعاقب کرتے ہوئے بھی زیادہ پر اعتماد ہوں گے۔” شارجہ میں اٹھہترویں بار کامیابی نے پاکستان کے قدم چومے ہیں۔ یوں اس نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک مقام پر کسی ٹیم کی فتوحات کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا۔ اس سے پہلے آسٹریلیا سڈنی میں اٹھہتر کامیابیاں سمیٹ چکا ہے۔ اس بارے میں مصباح کا کہنا تھا، ”ہم بہت خوش ہیں۔ شارجہ میں ہجوم ہماری حمایت کرتا ہے، اس لیے یہ ہمیں گھر کی طرح لگتا ہے اور ایسے لگتا ہے جیسے پاکستان کے کسی شہر میں کھیل رہے ہوں۔ اب دونوں ٹیمیں آخری دومیچوں کے لیے امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کا رخ کر رہی ہیں، جہاں سیریز کا چوتھا معرکہ شیخ زید اسٹیڈیم میں پچیس دسمبر کو کرسمس کے موقع پر بپا ہوگا۔ سری لنکن کپتان میتھیوز کا خیال ہے کہ وہ دن انکی ٹیم کے لیے مبارک ثابت ہوگا۔ میتھیوز کے بقول کرسمس ہم سب کیلئے اسپیشل ہے۔ میں کوئی کیتھولک تو نہیں مگر یہ تہوار ہمیں پسند ہے اور یقینی طور پر اس روز کھیلنا مبارک ہوگا اور مجھے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔ ہمیں پاکستان کو ہرانے کیلئے مثبت سوچ اپنانا ہوگی کیونکہ وہ ایک متوازن ٹیم ہے۔ آئندہ میچوں کی بابت پاکستانی مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ابوظہبی کی وکٹ بھی بیٹنگ کیلئے اچھی ہے، جس طرح پاکستانی بیٹسمین پر اعتماد ہیں ہم اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظہبی میں ماضی میں پانچ ایک روزہ میچ کھیلے جا چکے ہیں، جن میں پاکستان نے چار اور مہمانوں نے ایک میں کامیابی حاصل کی۔

تبصرے بند ہیں.